Al-Risala · July 1993 · page 39

عسرمیں یسر

الرسالہ، جولائی ۱۹۹۳، صفحہ ۳۹

ہے۔ تقابلی مذہب کے اس مطالعہ نے دورِ جدید میں اسلامی دعوت کا ایک نیا دروازہ کھول دیا جو ابھی تک بند پڑا ہوا تھا۔

۳۔ موجودہ زمانہ میں جو مختلف نئے علوم پیدا ہوئے ۔ ان میں سے ایک وہ ہے جس کو علم انسان (anthropology) کہا جاتا ہے۔ اس میں انسانی معاشروں کا مطالعہ خالص موضوعی انداز میں کیا گیا ۔ اس مطالعہ سے یہ ثابت ہوا کہ خدا اور مذہب کا عقیدہ ہر انسانی معاشرہ میں ہمیشہ موجود رہا ہے۔ اس تحقیق نے یہ ثابت کیا کہ خدا اور مذہب کا عقیدہ ایک فطری عقیدہ ہے۔ وہ انسان کی خود اپنی طلب کا جواب ہے۔ اس دریافت نے اسلامی دعوت کو یہ حیثیت دے دی کہ وہ اسی طرح انسانی ضرورت کی فراہمی کا ایک کام ہے جس طرح خوراک کی فراہمی (food supply) کا نظام۔

۴۔ موجودہ زمانہ میں جو سائنسی حقائق دریافت ہوئے ، وہ حیرت انگیز طور پر قرآن کے بیانات کی تائید کر رہے تھے۔ وہ قرآن کی اس پیشین گوئی کی تصدیق تھے کہ : عنقریب ہم ان کو اپنی نشانیاں دکھائیں گے ، آفاق میں بھی اور انفس میں بھی ۔ یہاں تک کہ ان پر ظاہر ہو جائے گا کہ وہ حق ہے (فصلت (۵۳) اس اعتبار سے جدید سائنس ایک مسلم داعی کے لیے طاقتور علمی ہتھیار کی حیثیت رکھتی ہے۔ ۵۔ نئی ایجادات میں ایک چیز وہ ہے جس کو جدید مواصلات (modern communication) کہا جاتا ہے ۔ اس نے تاریخ میں پہلی بار تمام فاصلے آخری حد تک گھٹا دیے ہیں اور اس طرح اس کو ممکن بنایا ہے کہ ایک داعی نہایت آسانی کے ساتھ ساری دنیا کو اپنی تبلیغ کا میدان بنا سکے۔ وسائل کے اعتبار سے یہ حدیث رسول کی اس پیشین گوئی کا ظہور ہے جس میں خبر دی گئی تھی کہ ایک وقت آئے گا جب کہ اسلام کی آواز تمام دنیا کے ہر گھر میں پہنچ جائے گی۔

۶۔ میں نے اپنی کتاب ” عقليات اسلام“ کے ابتدائیہ میں جون ۱۹۷۸ء میں کہا تھا کہ آزاد دنیا“ میں دعوت کے غیر معمولی نئے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ تاہم اشتراکی دنیا کا اس میں استثناء ہے۔ کیوں کہ وہاں کامل جبر کا نظام قائم ہے۔ اس لیے وہاں اس وقت دعوت اسلامی کے کھلے مواقع موجود نہیں ہیں۔ مگر اس تحریر کے صرف ۱۳ سال بعد حالات بدل گئے۔ ۱۹۹۱ کے خاتمہ کے ساتھ اشتراکی ایمپائر کا بھی خاتمہ ہو گیا۔ اب اشتراکی دنیا میں بھی تبلیغ دین کے وہی مواقع کھل گئے ہیں جو اس سے پہلے صرف غیر اشتراکی دنیا میں پائے جاتے تھے۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 1993 All issues

Printed page