Al-Risala · November 1993 · page 13

شام کے بعد صبح

الرسالہ، نومبر ۱۹۹۳، صفحہ ۱۳

شام کے بعد صبح

ایک شخص نے کہا کہ شام ہو گئی۔ دوسرا شخص بولا : یوں کہو کہ صبح آنے والی ہے ۔ اگر آپ معاملَات کو حال کے اعتبار سے دیکھیں تو بظاہر آپ کو تاریکی دکھائی دے گی ۔ لیکن اگر آپ معاملہ کو مستقبل کے اعتبار سے دیکھیں تو سامنے کے افق پر روشنی ابھرتی ہوئی نظر آنے لگے گی ۔

بیشتر لوگوں کی نظر اپنے آج پر ہوتی ہے ۔ اس لئے اگر ان کے آج کے حالات اچھے نہ ہوں تو وہ سمجھ لیتے ہیں کہ انھیں اچھی زندگی حاصل نہیں۔ حالاں کہ عقلمندی کی بات یہ ہے کہ آنے والے کل پر نظر رکھی جائے ۔ تجربات بتاتے ہیں کہ اکثر آنے والا کل ایسے مواقع لے کر آتا ہے جس کو اس سے پہلے آدمی نے سوچا بھی نہیں تھا۔

زمین ہر لمحہ گھوم رہی ہے ۔ زمین کے اوپر بار بار شام بھی آتی ہے اور صبح بھی طلوع ہوتی ہے۔ جن لوگوں کی نظر صرف قریب پر ہو، وہ جب شام کو دیکھیں گے تو کہہ دیں گے کہ اب تو زندگی کی شام آگئی ۔ مگر جو لوگ دور تک دیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہوں، وہ کہہ اٹھتے ہیں کہ شام کو شام کے اعتبار سے نہ دیکھو ۔ اس کو اس نظر سے دیکھو کہ وہ آنے والی صبح کی تمہید ہے۔

زندگی میں جب بھی کوئی نا موافق صورتِ حال پیش آئے تو وہ ایک نئی موافق صورتِ حال کی تمہید ہوتی ہے۔ وہ ایک نئے مستقبل کی خبر دیتی ہے ۔ آدمی کو چاہئے کہ وہ مایوسی کا شکار ہونے کے بجائے اپنے ذہن کو استعمال کرے۔ وہ اپنی سوچ کو حرکت میں لاکر آگے بڑھ جائے ۔

اس دنیا میں آدمی جو کچھ پاتا ہے، اس سے بہت زیادہ وہ ہے جس کو اس نے نہیں پایا ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ تھوڑے کو کھوکر نہ زیادہ کو پانے کا موقع پھر بھی آدمی کے لئے باقی رہتا ہے۔ آدمی ذرہ کو کھو کر افسوس کرتا ہے حالاں کہ ابھی پورا پہاڑ اس کے حوصلوں کے امتحان کے لئے موجود ہے ۔ وہ ایک قطرہ سے محرومی پر فریاد کرتا ہے ، وہ بھول جاتا ہے کہ ابھی تو خدا کی دنیا میں پورا سمندر باقی ہے جس کو پانے کے لئے وہ از سرِ نو اپنی کوششوں کو جاری کرسکے۔

دنیا میں کوئی کھونا آخری کھونا نہیں ۔ ہر کھونے کے بعد پانے کا نیا امکان آدمی کے لئے موجود رہتا ہے ۔ عقل مند وہ ہے جو کھونے کو بھلا دے، وہ ہمیشہ پانے کی طرف دیکھتا رہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of November 1993 All issues

Printed page