بڑا دل
الرسالہ، نومبر ۱۹۹۳، صفحہ ۱۴
بڑا دل
بڑے دل والا آدمی ہمیشہ کامیاب ہوتا ہے، اور چھوٹے دل والا آدمی ہمیشہ ناکام ہے۔ اس دنیا میں کامیابی کسی کو اس کے دل کے پیمانہ سے ملتی ہے۔ یہاں کامیابی کا اصول یہ ہے کہ جتنا بڑا دل اتنی ہی بڑی کامیابی۔
اس دنیا میں کوئی قابل ذکر کامیابی حاصل کرنے کے لئے قریبی حالات سے اوپر اٹھ کر سوچنا پڑتا ہے۔ لوگوں کے سلوک سے بلند ہو کر ان کے ساتھ معاملہ کرنا ہوتا ہے۔ لوگوں کو یہ خیال کئے بغیر دیا جاتا ہے کہ انھوں نے ہم کو کیا دیا اور کیا نہیں دیا۔
اس قسم کا کردار بڑے دل کے بغیر ممکن نہیں، اس لئے اس دنیا میں بڑے دل کے بغیر کوئی بڑی کامیابی بھی کسی کو ملنے والی نہیں۔ خواہ ایک ملک ہو یا دوسرا ملک ، خواہ ایک زمانہ ہو یا دوسرا زمانہ ، ہر مقام پر اور ہر جگہ کے لئے یہی ایک اصول ہے ۔ اس میں کسی کا کوئی استثناء نہیں۔ جو آدمی چھوٹے دل کا ہو وہ ذرا ذرا سی بات میں لوگوں کے خلاف شکایت لے کر بیٹھ جاتا ہے۔ وہ ان معمولی باتوں میں الجھ جاتا ہے جو اس قابل ہوتی ہیں کہ ان کو نظر انداز کر دیا جائے۔ ایسا آدمی راستہ کے درمیان میں اٹک کر رہ جائے گا۔ وہ آخری منزل تک نہیں پہنچ سکتا۔ اس کے برعکس جو آدمی راستہ کی چھوٹی چھوٹی باتوں سے نہ الجھے، وہ کامیابی کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھتا ہے۔ وہ اپنی دل جمعی کو ہر حال میں باقی رکھتا ہے۔ وہ کسی بھی تلخ تجربہ سے بے حوصلہ نہیں ہوتا۔ ایسے آدمی کے لئے یہی مقدر ہے کہ وہ اپنی منزل پر پہنچ کر رہے۔ وہ پستیوں سے گزر کر آخری بلندی تک پہنچ جائے۔
اس دنیا میں آدمی دل کی طاقت سےجیتتا ہے۔ زندگی کی جدوجہد میں جو آدمی بے دل ہو جائے وہ اپنی ملی ہوئی صلاحیتوں کو بھی کھو دے گا۔ اور جو آدمی ہر حال میں اپنے دل کو بھر پورر کھے وہ اپنی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرلے گا۔
تمام کامیابیوں کا اصل میدان آدمی کا اپنا دل ہے۔ آپ باہر کی دنیا کو نہ دیکھئے بلکہ اپنے دل کی دنیا کو دیکھئے ۔ اپنے اندر ہی آپ وہ سب کچھ پاتے ہیں جس کو آپ پانا چاہتے ہیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of November 1993 All issues