Al-Risala · February 1993 · page 19

نزاعی مقام سے پر ہیز

الرسالہ، فروری ۱۹۹۳، صفحہ ۱۹

پروفیسر آرنلڈ (T.W. Arnold) نے اپنی مشہور کتاب تاریخ دعوتِ اسلام میں اس واقعہ کا ذکر کیا ہے۔ ان کے الفاظ یہ ہیں : (The Preaching of Islam) In company with the Patriarch, Umar visited the holy places, and it is said while they were in the Church of the Resurrection, as it was the appointed hour of prayer, the Patriarch bade the caliph offer his prayers there, but he thoughtfully refused, saying that if he were to do so, his followers might afterwards claim it as a place of Muslim worship. (p.57)

عمر نے بطریق کے ساتھ یروشلم کے مقدس مقامات کی زیارت کی۔ کہا جاتا ہے کہ جب وہ دونوں کنیسہ قیامہ میں تھے تو وہاں نماز کا وقت آگیا۔ مسیحی بطریق نے مسلم خلیفہ سے کہا کہ آپ کنیسہ ہی میں اپنی نماز پڑھ لیں۔ مگر انہوں نے دور اندیشی سے کام لیتے ہوئے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں نے ایسا کیا تو مسلمان بعد کو یہ دعویٰ کریں گے کہ یہ ایک اسلامی عبادت خانہ ہے (صفحه ۵۷) خلیفہ اسلام کا یہ عمل بتاتا ہے کہ نزاع کی جگہ پر مسجد تعمیر کرنا اسلام میں غیر مطلوب ہے۔ مسجد روحانی پاکیزگی کے لیے ہے، اور جس مسجد کے ساتھ جھگڑے کا ماحول قائم ہو جائے وہ مسجد بھی روحانی پاکیزگی کا ذریعہ نہیں بن سکتی۔ نزاعی زمین پر اگر کوئی مسجد بنائی جائے تو وہ اللہ کی یاد کا مرکز بننے کے بجائے انسانی بگاڑ کا مرکز بن جائے گی۔ ایسی مسجد خود مسجد کے مقصد کی نفی کرنے والی ثابت ہوگی۔

مزید یہ کہ ایسی مسجد امکاناتِ دعوت کو قتل کرنے کے ہم معنی ہے۔ اسلام کے لیے دوسری قومیں مدعو کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اہل اسلام کو حکم دیا گیا ہے کہ دوسری قوم میں اگر تمہارے ساتھ زیادتی کریں تب بھی تم ایک طرفہ طور پر ان کے معاملہ میں صبر کا طریقہ اختیار کرو (ابراهیم ۱۴) اس حکم کا مدعا یہ ہے کہ داعی اور مدعو کے درمیان معتدل تعلق قائم رہے۔ ایسی حالت میں کیسے ممکن ہے کہ اسلام اس کو پسند کرے کہ خود اہل اسلام ایسا فعل کریں جو داعی اور مدعو کے درمیان نزاع پیدا کر کے باہمی تعلقات میں تلخی پیدا کرنے کا سبب بن جائے۔

اس حکمت کی بنا پر لازم ہے کہ اہل اسلام ایسی جگہ مسجد بنانے سے مکمل پر ہیز کریں جس کے بارہ میں یہ اندیشہ ہو کہ حال یا مستقبل میں اس کو فریقین کے درمیان نزاع کا مسئلہ بنایا جا سکتا ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of February 1993 All issues

Printed page