Al-Risala · March 1994 · page 5

عظمت قرآن

الرسالہ، مارچ ۱۹۹۴، صفحہ ۵

کہتے ہیں کہ اے ہمارے رب ہم کو جہنم کے عذاب سے بچالے، اس کا عذاب تو لپٹ جانے والا ہے۔ وہ براہی برا ٹھکانا ہے اور برا مقام۔ اور جو خرچ کرتے ہیں تو وہ نہ فضول خرچی کرتے ہیں اور نہ بخل، بلکہ ان کا خرچ دونوں کے درمیان اعتدال پر ہوتا ہے۔ اور جو اللہ کے ساتھ کسی اور معبود کو نہیں پکارتے، اور وہ اللہ کی حرام کی ہوئی جان کو ناحق قتل نہیں کرتے اور نہ وہ زنا کرتے ہیں۔ اور جو کوئی یہ کام کرے وہ اپنے گناہ کا بدلہ پائے گا۔ قیامت کے دن اس کو دہرا عذاب دیا جائے گا اور اس میں وہ ہمیشہ ذلت کے ساتھ رہے گا، الّا یہ کہ کوئی توبہ کرے اور ایمان لائے اور عمل صالح کرے، تو ایسے لوگوں کی برائیوں کو اللہ بھلائیوں سے بدل دے گا، اور اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔ اور جو شخص توبہ کرے اور نیک عمل کرے تو وہ اللہ کی طرف پلٹ آتا ہے جیسا کہ پلٹنا چاہیے۔ اور وہ لوگ جو جھوٹ کی گواہی نہیں دیتے اور جب وہ کسی لغو چیز پر گزرتے ہیں تو شرافت کے ساتھ گزر جاتے ہیں۔ اور جنہیں اگر ان کے رب کی آیتوں سے نصیحت کی جائے تو وہ اس پر اندھے بہرے کی طرح نہیں گرتے۔ اور جو کہتے ہیں کہ اے ہمارے رب، ہم کو اپنی بیویوں اور اپنی اولاد سے آنکھوں کی ٹھنڈک دے اور ہم کو پر ہیزگاروں کا امام بنا۔ یہی لوگ بالا خانوں میں جگہ پائیں گے کیونکہ انھوں نے صبر کیا اور اس میں ان کا استقبال تحیت اور سلام کے ساتھ ہوگا۔ وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے۔ کیا ہی اچھا ہے وہ ٹھکانا اور کیا ہی اچھا ہے وہ مقام (الفرقان۔ ۶۳ - ۷۲)

اپنے رب کے راستہ کی طرف پکارو، حکمت اور عمدہ نصیحت کے ساتھ۔ اور لوگوں سے بحث کرو ایسے طریقہ سے جو بہتر ہو۔ تمہارا رب زیادہ بہتر جانتا ہے کہ کون اس کی راہ سے بھٹکا ہوا ہے اور کون سیدھے راستہ پر ہے۔ اور اگر تم لوگ بدلہ لو تو بس اتنا ہی لو جتنا کہ تم پر زیادتی کی گئی ہے ۔ اور اگر تم صبر کرو تو یقیناً یہ صبر کرنے والوں کے لیے بہتر ہے۔ اور صبر سے کام لو، تمہارا صبر اللہ ہی کے لیے ہے۔ اور ان پر غم نہ کرو اور ان کی کارروائیوں پر دل تنگ نہ ہو۔ اللہ ان لوگوں کے ساتھ ہے جو اس سے ڈریں اور جو نیک عمل کرتے ہیں (النحل ۱۲۵ - ۱۲۸)

کامیاب ہو گیا وہ جس نے اپنے کو پاک کیا۔ اور اپنے رب کا نام لیا۔ پھر نماز ادا کی۔ بلکہ تم دنیوی زندگی کو مقدم رکھتے ہو۔ اور آخرت بہتر ہے اور پائیدار ہے۔ یہی اگلے صحیفوں میں بھی ہے، اور ابراہیم اور موسیٰ کے صحیفوں میں بھی (الاعلیٰ ۱۴-۱۹)

‹ Previous page Next page › Contents of March 1994 All issues

Printed page