داعیانہ عمل، داعیانہ رویہ
الرسالہ، جولائی ۱۹۹۴، صفحہ ۲۱
داعیانہ عمل، داعیانہ رویہ
ایک دکان دار وہ ہے جو دکان کھولنے کے بعد ہر طرف اس کا اعلان بھی کرے ۔ اخبار ، ریڈیو، ٹیلی وزن اور دوسرے ذرائع ابلاغ کو استعمال کر کے اس کو پوری آبادی میں مشتہر کرنے کی کوشش کرے ۔ دوسرا دکان دار وہ ہے جو دکان کھولنے کے بعد اس کا اشتہار تو نہ کرے، البتہ اپنی دکان میں دکاندار کی طرح رہے ۔ وہ اپنی دکان میں صحیح سامان رکھے ، لوگوں سے میٹھا بول بولے۔ لین دین میں کسی کو شکایت کا موقع نہ دے ۔ پہلا دکان دار بلاشبہ بڑی کامیابی حاصل کرے گا ۔ وہ اپنی تجارت کو وسیعی تجارت بنا دے گا۔ مگر دوسرا دکان دار بھی اپنی تجارت کو نفع بخش بنانے میں کامیاب رہے گا۔ پہلا دکان دار اگر " کروڑوں " روپیہ کمائے گا تو دوسرا دکان دار بھی " لاکھوں " روپیہ حاصل کرلے گا۔ پہلے اور دوسرے میں صرف مقدار کا فرق گا نہ کہ نوعیت کا۔ اسی مثال سے اسلام اور مسلمانوں کے معاملہ کو سمجھا جا سکتا ہے۔ ایک صورت یہ ہے کہ مسلمان پورے معنوں میں داعی بن کر رہیں ۔ وہ منصوبہ بند انداز میں دوسری قوموں تک اسلام کا پیغام ہو پہنچائیں۔ وہ دین اسلام کے باقاعدہ مبلغ بن جائیں ۔ اگر مسلمان ایسا کریں تو یہ ان کے لیے بہت بڑے فضل کی بات ہے ۔ یہ وہ عمل ہے جو کسی گروہ کو دنیا اور آخرت میں سب سے بڑے انعام کا مستحق بناتا ہے ۔
دوسری صورت یہ ہے کہ مسلمان باقاعدہ اور براہ راست انداز میں دعوتی جد و جہد نہ کریں۔ تاہم وہ اپنی ذاتی اور جماعتی زندگی میں داعیانہ رویہ اختیار کریں ۔ وہ دوسری قوموں کو حریف سمجھنے کے بجائے مدعو سمجھیں ۔ وہ اللہ سے لوگوں کی ہدایت کے طالب ہوں۔ غیر مسلم افراد سے تعلقات کے دوران اسلامی اخلاق کا لحاظ رکھیں ۔ غیر مسلموں کی طرف سے زیادتی کا تجربہ ہو تو اس کو برداشت کر لیں ۔ ہر اس کارروائی سے اپنے آپ کو بچائیں جو غیر مسلموں اور مسلمانوں کے درمیان کھنچاؤ اور نفرت پیدا کرنے والی ہو۔ مسلمان اگر یہ دوسرا رویہ اختیار کریں تب بھی وہ اللہ تعالی کے یہاں رحمت اور انعام کے مستحق قرار پائیں گے ۔ اسلام کی تاریخ بتاتی ہے کہ باقاعدہ اور منظم انداز میں تبلیغ کا کام زیادہ تر مکہ کے ۱۳ سالہ دور میں ہوا۔ تاہم اسلام ہر زمانہ میں تیزی سے پھیلتا رہا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مسلمان خواہ براہ راست داعیانہ عمل نہ کریں، تاہم وہ داعیانہ رویہ پر ہمیشہ قائم رہے۔ یہی خاص سبب ہے جس کی بنا پر اسلام کے پھیلنے کا سلسلہ تاریخ کے ہر دور میں رکے بغیر جاری رہا۔
‹ Previous page Next page › Contents of July 1994 All issues