کامیابی کا موقع
الرسالہ، جنوری ۱۹۹۴، صفحہ ۵
کامیابی کا موقع
کامیابی کا موقع صرف ایک بار کسی شخص کا دروازہ کھٹکھٹاتا ہے۔ اس دنیا میں کامیابی کا موقع روزانہ آتا ہے۔ مگر وہ روزانہ چلا بھی جاتا ہے۔ اور جو موقع ایک بار چلا جائے وہ دوبارہ کسی کے لئے واپس نہیں آتا۔
کامیابی کا بہت گہرا تعلق مواقع سے ہے۔ جب کوئی بڑا موقع سامنے آتا ہے تو وہ بس تھوڑی دیر ٹھہرتا ہے۔ اس لئے ضروری ہوتا ہے کہ موقع آنے کے وقت آدمی فوراً اس کو پہچاننے۔ جو شخص کسی موقع کو شروع میں پہچان لے، وہ اس سے سب سے زیادہ فائدہ حاصل کرے گا۔ اور جو شخص اس کو پہچانے میں دیر لگا دے ، وہ اس سے بڑا فائدہ حاصل کرنے میں ناکام رہے گا۔ جب ایک موقع آپ کے ہاتھ سے نکل جائے تو آپ اپنی اس محرومی کو اس طرح یافت میں بدل سکتے ہیں کہ پورے معاملہ پر بے لاگ انداز میں سوچیں۔ اس طرح آپ کے اندر یہ سمجھ پیدا ہوگی کہ دوسری بار جب ایک موقع آئے تو آپ فوراً اس کو پہچان لیں ، اور پہلے ہی لمحہ میں اس کو استعمال کرکے آگے بڑھ جائیں۔
زندگی میں کچھ لمحات فیصلہ کے لمحات ہوتے ہیں ، ان لمحات میں چوک جانا ایک ایسا نقصان ہے جس کی تلافی بعد کو ممکن نہیں ہوتی۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ آدمی ان مخصوص لمحات کو پہچان نہیں پاتا۔ وہ غفلت میں ان لمحات کو ضائع کر دیتا ہے۔ بعد کو وہ جاگتا ہے ، مگر اب اس کے لئے افسوس کرنے کے سوا اور کچھ نہیں ہوتا۔
ہر بار جب آپ کے دروازہ پر کھٹکھٹانے کی آواز آئے تو فوراً اس پر دھیان دیجئے۔ کیا معلوم کسی بڑی کامیابی کا موقع آپ کے دروازہ پر آپ کا انتظار کر رہا ہو۔ آنے والے موقع کا استعمال کیجئے ، کیوں کہ جو موقع ایک بار آکر واپس چلا جائے وہ دوبارہ آپ کے پاس لوٹ کر آنے والا نہیں۔
اکثر لوگوں کی محرومی مواقع کو کھونے کا نام ہوتی ہے۔ وہ دوسروں کے خلاف احتجاج کرتے ہیں ، حالانکہ اصل حقیقت یہ ہوتی ہے کہ وہ مواقع کو وقت پر استعمال نہ کر سکے۔
‹ Previous page Next page › Contents of January 1994 All issues