Al-Risala · December 1994 · page 12

لکھنؤ کا سفر

الرسالہ، دسمبر ۱۹۹۴، صفحہ ۱۲

کہ صبر شروع کرنے کے بعد صبر کی حد آتی ہے ۔ جب صبر شروع ہی نہ کیا جائے تو اس کی حد کیسے آجائے گی ۔ انھوں نے کہا کہ یہ تو چند لڑکوں کی بات تھی ، وہ تمام لوگوں کی بات نہیں ۔ میں نے کہا کہ شریعت کے اصول کے مطابق ، وہ تمام لوگوں کی بات ہے ۔ کیوں کہ دوسرے لوگوں نے اس کی مذمت نہیں کی ۔ تمام لکھنے اور بولنے لوگ اس بارہ میں خاموش ہیں ۔ اس طرح خاموش رہ کر وہ بالواسطہ طور پر ان بے صبر نوجوانوں کی حمایت کر رہے ہیں ۔

۲۸ فروری کو ڈھائی بجے سہ پہر کا وقت ہے ۔ میں پالِم ایئرپورٹ کی انتظار گاہ میں ایک سیٹ پر بیٹھا ہوں ۔ چند آدمی سامنے کی سیٹ پر بیٹھے ہوئے بے فکری کے ساتھ سگریٹ کے دھوئیں اڑا رہے ہیں ۔ میں نے سوچا کہ یہ لوگ اتنے بے فکر کیوں ہیں ۔ میرے دل نے کہا کہ ان کی بے فکری کی وجہ یہ ہے کہ انھیں حال کی خبر ہے ، مگر انھیں مستقبل کی کوئی خبر نہیں ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اگلے لمحہ وہ جس جہاز پر بیٹھنے والے ہیں وہ ان کو لے کر ان کی مطلوب منزل کی طرف پرواز کرنے والا ہے۔ اگر وہ جانیں کہ ان کا سفر انسانی منزل کی طرف نہیں بلکہ خدائی منزل کی طرف ہے ۔ یہاں کا ہر سفر آخر کار آخرت کا سفر ہے ۔ ہر سفر اپنے خاتمہ پر وہاں پہنچنے والا ہے جہاں آدمی کو خدا کے سامنے جواب دہی کے لیے کھڑا ہونا ہو گا ۔ اگر ان کو اس کا احساس ہو تو سگریٹ ان کے ہاتھ سے چھوٹ کر گر جائے اور ان کو محسوس ہو کہ آنے والا جہاز انڈین ایئرلائنزکاجہاز نہیں ہے بلکہ خدائی ایئرلائنزکاجہاز ہے ۔ اس کو کوئی انڈین پائلٹ نہیں چلا رہا ہوگا ، بلکہ وہ خدا کا جہاز ہے جس کے پائلٹ فرشتے ہوں گے اور وہ اس کو دنیا سے اٹھا کر آخرت میں پہنچا دے گا ۔ اگر لوگوں کو اس حقیقتِ کبریٰ کا احساس ہو تو ان کی زندگی کچھ سے کچھ ہو جائے ۔

جہاز میں میری سیٹ کے قریب بہار گورنمنٹ کے دو افسر بیٹھے ہوئے تھے ۔ ایک نے دوسرے سے کہا : ” لگتا ہے کہ گورنر (بہار) بھی اسی سے جانے والے ہیں ۔ کوئی جانے والا ہے ضرور ۔ اسی لیے آگے کی تین سیٹ خالی کی ہوئی ہے ۔ “ میں نے سوچا کہ موجودہ دنیا میں کسی کو آگے کی سیٹ اس لیے ملتی ہے کہ وہ ” گورنر “ ہے ۔ آخرت میں آگے کی سیٹ اس شخص کو ملے گی جو اللہ کی خاطر دنیا میں پیچھے کی سیٹ پر بیٹھنے کے لیے راضی ہو گیا ۔

یہ جہاز (نمبر ۴۰۹) لکھنؤ ، پٹنہ ہوتا ہوا کلکتہ جا رہا ہے ۔ جہاز دہلی سے روانہ ہوا تو اعلانات

‹ Previous page Next page › Contents of December 1994 All issues

Printed page