مسائل اور مواقع
الرسالہ، جنوری ۱۹۹۴، صفحہ ۱۰
مسائل اور مواقع
مسائل کو مستقبل کے خانہ میں ڈالنا اور مواقع کو استعمال کرنا، یہی موجودہ دنیا میں کامیابی کا اصل راز ہے ۔ اس دنیا میں ہمیشہ مسائل بھی ہوتے ہیں اور اسی کے ساتھ مواقع بھی۔ اس دنیا میں صرف وہ لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو مسائل کو نظر انداز کریں اور مواقع کو استعمال کر کے آگے بڑھ جائیں۔
مسائل کا حل مسائل سے لڑنا نہیں ہے، بلکہ مواقع کو استعمال کرنا ہے۔ جب بھی کو مسائل کا سامنا پیش آئے تو یہ دیکھئے کہ مسائل کے باوجود وہ کون سے امکانات ہیں جو اب بھی آپ کے لئے پوری طرح موجود ہیں اور جن میں آپ آزادانہ طور پر عمل کر سکتے ہیں۔ ان امکانات کو دریافت کر کے اپنی طاقتوں کو ان میں لگا دیجئے ۔ اگر آپ ایسا کریں تو جلد ہی آپ دیکھیں گے کہ امکانات کو استعمال کرنے کے بعد مسائل اپنے آپ حل ہوتے جا رہے ہیں۔ جو کچھ حاصل ہو سکتا ہے، اس کو حاصل کر کے آپ اس کو بھی پا لیتے ہیں جو پہلے آپ کو ملا ہوا نہیں تھا۔
زندگی میں ساری اہمیت عمل کی ہے ، اور عمل صرف ممکن دائرہ میں کیا جا سکتا ہے، ناممکن دائرہ میں عمل کرنا کبھی ممکن نہیں ہوتا۔ جب آپ ممکن دائرہ میں اپنا عمل شروع کریں تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ آپ اپنی عملی قوتوں کو وہاں لگا رہے ہیں جہاں ان قوتوں کو نتیجہ خیز طور پر لگانا ممکن ہے۔ ایسی محنت کبھی نہ کبھی اپنا نتیجہ ظاہر کر کے رہتی ہے۔
اس کے برعکس جب آپ مسائل سے الجھیں تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ آپ اپنی عملی قوت کو وہاں لگا رہے ہیں جہاں عمل کے باوجود کوئی نتیجہ پا نا ممکن نہیں۔ ایسی محنت کے لئے یہی مقدر ہے کہ وہ بے فائدہ طور پر رائیگاں ہو کر رہ جائے۔
مسائل بذات خود کوئی چیز نہیں، اصل توجہ کی چیز مواقع ہیں۔ مواقع میں توجہ اور محنت صرف کر کے آپ مستقبل میں اپنے مسائل پر بھی قابو پالیتے ہیں۔ لیکن اگر آپ مسائل میں الجھے رہیں تو دونوں میں سے کوئی چیز بھی آپ کو ملنے والی نہیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of January 1994 All issues