Al-Risala · April 1995 · page 6

نفسیات دعا

الرسالہ، اپریل ۱۹۹۵، صفحہ ۶

نفسیات دعا

امریکہ کے سفر میں ایک مسلمان بھائی مجھے اپنے شاندار مکان میں لے گئے۔ اس کے بعد انھوں نے میز پر پر تکلف کھانا رکھا جس کو میں حسب عادت کھا نہ سکا۔ آخر میں انھوں نے کہا کہ آپ مجھے کوئی بہت اچھی سی دعا بتائیے جو میرے اور میرے بچوں کے لئے دین اور دنیا کی فلاح کی ضامن بن جائے۔ میں کچھ دیر تک خاموش ہو کر سوچتا رہا۔ پھر میں نے کہا کہ دعا عربی الفاظ کے کسی مجموعہ کا نام نہیں ہے۔ دعا حقیقتًا ان روحانی کلمات کا نام ہے جو دعا والی نفسیات کے ساتھ آدمی کے اندر سے نکلے ہوں ۔ جو لوگ دعا کی اعلیٰ نفسیات سے خالی ہوں وہ یقیناً اعلیٰ دعا کی نعمت سے بھی محروم رہیں گے۔ میں نے کہا کہ آپ لوگوں کا حال یہ ہے کہ آپ لوگ دنیوی اسٹیٹس (status) کو اپنا سب سے بڑا کنسرن بنائے ہوئے ہیں۔ آپ اپنی اصل انکم سے زیادہ بڑی حیثیت کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔ اس کے لئے آپ میں سے ہر شخص سودی قرضوں میں نہایا ہوا ہے۔ آپ چھوٹے مکان کو چھوڑ کر بڑا مکان لیتے ہیں۔ آپ سیکنڈ ہینڈ کار کے بجائے نئی شاندار کار خریدتے ہیں۔ آپ سادہ فرنیچر کے بجائے زرق برق فرنیچر سے اپنا گھر سجاتے ہیں۔ اور یہ سب کچھ سودی قرض پر ہوتا ہے جس کی قسطیں آپ زندگی بھر ادا کرتے رہتے ہیں۔ اس قسم کی مصنوعی زندگی نے آپ لوگوں کو دعا والی نفسیات سے محروم کر دیا ہے۔ دعا کی نفسیات جن تجربات کے دوران بنتی ہے، وہ ہیں عجز ہستی، دل شکستگی، کم مائیگی، احساس محرومی، عدم یافت۔ مگر آپ اپنے کو ان چیزوں سے دور رکھتے ہیں۔ خدا یہ چاہتا ہے کہ وہ مسائل حیات کے دوران آپ کو ان قیمتی تجربات سے گزارے۔ مگر آپ کی مسلسل یہ کوشش ہوتی ہے کہ سودی قرضوں کی مصنوعی تدبیر سے اپنے کو اور اپنے بیوی بچوں کو تجربات حیات کے اس کورس سے گزرنے نہ دیں۔

آپ کو جاننا چاہئے کہ ہر چیز کی ایک قیمت ہے۔ اسی طرح یقیناً دعا کی بھی ایک قیمت ہے۔ اچھی دعا اچھے الفاظ کا نام نہیں ہے، اچھی دعا اچھی نفسیات کا نام ہے۔ جس طرح اچھے گھر کی ایک قیمت ہوتی ہے، اسی طرح اچھی دعا کی بھی ایک قیمت ہے۔ اس دنیا میں قیمت ادا کئے بغیر کوئی چیز نہیں ملتی، نہ ایک اچھا مکان اور نہ ایک اچھی دعا ۔ لوگ دعا کا نتیجہ چاہتے ہیں، بغیر اس کے کہ انھوں نے دعا کی قیمت ادا کی ہو، بغیر اس کے کہ انھوں نے خدا کے سامنے حقیقی دعا کا تحفہ پیش کیا ہو۔

‹ Previous page Next page › Contents of April 1995 All issues

Printed page