Al-Risala · July 1996 · page 20

کفرانِ نعمت

الرسالہ، جولائی ۱۹۹۶، صفحہ ۲۰

اس آیت میں دو چیزوں کو انعم اللہ (خدا کے انعامات) کہا گیا ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ دو ہی چیزیں ہیں جو دنیوی اعتبار سے انسان کے لئے ضروری ہیں۔ ایک امن اور دوسرے رزق۔ اگر یہ دو چیزیں کسی گروہ کو حاصل ہو جائیں تو اس کے بعد اس کو کسی اور چیز، مثلاً پولیٹیکل اقتدار کے لئے جنگ نہیں چھیڑنا چاہئے۔ بلکہ ان نعمتوں کو کافی سمجھتے ہوئے اللہ کی شکر گزاری میں لگ جانا چاہئے۔ تا آنکہ اللہ خود بقیہ چیزوں کے حصول کی راہ ہموار کر دے۔ اللہ کی شکر گزاری کیا ہے۔ وہ یہ ہے کہ جو کچھ اللہ نے دیا ہے اس کا دینی اور تعمیری استعمال۔ ملے ہوئے پر قانع رہ کر اللہ کی یاد میں لگ جانا شکر گزاری ہے، اور اگر ملے ہوئے کو نظر انداز کر کے نہ ملے ہوئے کے لئے دھوم مچائی جائے تو اسی کا نام ناشکری ہوگا۔

جس مسلم گروہ کو امن اور رزق کی نعمت مل جائے، اس کے بعد اس کو ربانی سرگرمیوں میں مصروف ہونا چاہئے نہ کہ پولیٹیکل سرگرمیوں میں۔ اب اس کو یہ کرنا ہے کہ اپنے اندر ایمانی حرارت پیدا کرے۔ اپنے درمیان اخلاقی اصلاح کی تحریکیں اٹھائے۔ اپنی نسلوں کو تعلیم یافتہ بنانے کی مہم شروع کرے ۔ اللہ کے پیغام کو تمام قوموں تک پہنچانے کا نظام بنائے ۔ وہ اپنی عبادت گاہوں کو آباد کرے۔ وہ اپنے علمی اداروں کو ترقی دے۔ وہ اپنی بستیوں کو نمونہ کی بستی بنا دے۔ وغیرہ۔ یہی سچی شکر گزاری ہے۔ یہ اللہ کی نعمتوں کا حق ادا کرنا ہے۔ غیر مومن کی نگاہ اپنے حقوق پر ہوتی ہے۔ اور مومن کی نگاہ اپنی ذمہ داریوں پر۔ اسی لئے غیر مومن ہمیشہ نہ ملے ہوئے کو پانے کی طرف دوڑتا ہے۔ اور مومن ہمیشہ ملے ہوئے کے اندر اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں لگ جاتا ہے۔ جو لوگ شکر گزاری کے اس طریقہ پر نہ چلیں، اس کے بجائے وہ سیاسی تحریکوں کی دھوم مچائیں یا وہ مفسدہ دشمنوں کے خلاف گن کلچر کو زندہ کریں، وہ بلاشبہ سرکش لوگ ہیں۔ ان کا کیس سرکشی کا کیس ہے، خواہ وہ اپنی تحریک کو اسلام یا دین مصطفیٰ کے نام پر کیوں نہ چلا رہے ہوں۔ ایسے لوگوں کے بارہ میں اللہ کا فیصلہ ہے کہ وہ نہ صرف یہ کہ اپنی سیاسی منزل تک نہیں پہنچیں گے، بلکہ امن اور رزق کی جو نعمتیں ان کو ملی ہوئی تھیں ان سے بھی وہ محروم ہو جائیں گے۔ وہ ملے ہوئے کو بھی کھو دیں گے، اور نہ ملے ہوئے کو پانا تو ان کے لئے مقدر ہی نہیں۔ یہی اس معاملہ میں سنت اللہ ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 1996 All issues

Printed page