Al-Risala · August 1996 · page 9

اختلاف میں رحمت

الرسالہ، اگست ۱۹۹۶، صفحہ ۹

آج ہمارے سامنے یہ سوال نہیں ہے کہ اختلاف کیا جائے یا نہ کیا جائے ، اختلاف تو ہر وقت ہی ہر سطح پر اور ہر دینی معاملہ میں موجود ہے ، بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ دین میں روز اول سے آج تک جو بے شمار اختلافات پائے جارہے ہیں ان کی توجیہہ کی کیا جائے ۔ گویا مسئلہ موجودگی کی توجیہہ کا ہے نہ کہ اس کو باقی رکھنے کا یا باقی نہ رکھنے کا ۔

مثلاً آپ قرآن کا مطالعہ شروع کریں اور اس کے لیے کوئی مستند تفسیر لیں، مثلاً القرطبی کی الجامع لاحکام القرآن ۔ بسم اللہ الرحمن الرحیم کی تفسیر شروع ہوتے ہی آپ کو یہ فقرہ لکھا ہوا ملے گا : فیھا سبع وعشرون مسئلۃ ( اس میں ۲۷ مسئلے ہیں) گویا چار لفظ کے ایک جملہ میں دو درجن سے زیادہ اختلافی مسائل ۔ اسی طرح سورہ فاتحہ میں اتنے زیادہ مسائل ہیں کہ چند سطر کی ایک سورہ کے مباحث پورے ۳۴ صفحہ تک پھیلے ہوئے ہیں۔

اسی طرح ۲۰ جلدوں کی یہ تفسیر آپ اس طرح پڑھیں گے کہ شاید اس کا کوئی بھی صفحہ اختلافی رایوں اور اختلافی اقوال سے خالی نہ ہوگا۔ یہاں تک کہ آپ معوذتین تک پہنچیں گے تو اس کی تفسیر میں دوسرے بہت سے اختلافات کے ساتھ یہ انتہائی نوعیت کا اختلاف آپ کو پڑھنے کے لیے ملے گا کہ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کے خیال کے مطابق ، یہ دونوں آخری سورتیں دراصل دعا ہیں وہ قرآن کا حصہ نہیں ( وزعم ابن مسعود انہما دعاء تعوذ به وليستامن القرآن) القرطبی : ۲۵۱/۲۰ یہی معاملہ مزید اضافہ کے ساتھ حدیث کا ہے۔ آپ اس کی کوئی بھی شرح لیں، مثلاً صحیح بخاری کی شرح فتح الباری کو لیجیے۔ آپ اس کو کھولیں تو پہلی حدیث یہ ملے گی کہ (انما الاعمال بالنيات۔ یعنی عمل کا دارودار نیت پر ہے۔ یہ ایک متواتر حدیث ہے اور نہایت مستند ہے۔ مگر اس کی تقریباً نو صفحوں کی تشریح میں چھ بار (مختلف اور اختلفوا) جیسے الفاظ آئے ہیں۔ تیرہ جلدوں پر مشتمل پوری فتح الباری اسی طرح اختلافی تشریحات سے بھری ہوئی ہے ۔

اس کے بعد اگر آپ فقہ اور عقائد کی کتابیں دیکھیں تو بظاہر ایسا معلوم ہوگا کہ وہ اختلافات کا ایک لامتناہی جنگل ہے۔ یہاں شاید کوئی ایک معاملہ بھی آپ کو ایسا نہیں ملے گا جو اختلافی رایوں سے خالی ہو۔ یہ اختلافات کوئی برائی نہیں ، بلکہ وہ فکری مہمیر ہیں۔ وہ لوگوں کو سوچ پر ابھارتے ہیں ، وہ ذہنوں کو متحرک کرکے انھیں ارتقاء کی طرف لے جاتے ہیں ۔

‹ Previous page Next page › Contents of August 1996 All issues

Printed page