مکمل تباہی
الرسالہ، اکتوبر ۱۹۹۶، صفحہ ۱۰
مکمل تباہی
ریمنڈ گرام سوئنگ (Raymond Gram Swing) کا ایک قول ہے۔ اس نے کہا کہ امن کا بدل جنگ نہیں ہے، امن کا بدل ہلاکت ہے :
The alternative to peace is not war. It is annihilation. یہ بات پچھلے زمانوں میں بھی صحیح تھی، مگر آج تو وہ آخری حد تک درست اور صحیح ہو چکی ہے۔ جدید ہتھیاروں نے اب اس کو بالکل نا ممکن بنا دیا ہے کہ جنگ کے ذریعہ کوئی شخص یا قوم کوئی مثبت نتیجہ حاصل کرے۔ اب جو لوگ جنگ کا انتخاب کریں انہیں پیشگی طور پر جان لینا چاہیے کہ وہ اپنے لیے صرف موت کا انتخاب کر رہے ہیں نہ کہ زندگی اور ترقی کا۔ اگر آپ کسی مسئلے سے دوچار ہیں تو صبر اور تحمل کے ساتھ اس کے ساتھ نباہ کیجئے اور جو بھی کوشش کیجئے لازمی طور پر امن کے دائرہ میں رہتے ہوئے کیجئے۔ اس کے بجائے اگر آپ نے جنگ اور لڑاکو کا راستہ اختیار کیا تو آپ اپنے مسئلے کو ختم کرنے میں کامیاب تو نہیں ہوں گے البتہ اپنے آپ کو مزید نا قابل حل مسائل اور ناقابل تلافی ہلاکت میں مبتلا کر لیں گے۔ مسئلہ آپ کے خیال کے مطابق ، خواہ کتنا ہی گھمبیر ہو، آپ کو اچھی طرح جان لینا چاہیے کہ آپ کے لیے انتخاب صرف دو چیزوں میں ہے۔ یا تو صورت موجودہ کو گوارا کرتے ہوئے پر امن دائرہ میں اپنی کوشش جاری کیجئے ، یا لڑا بھر کر اپنے کو ہلاک کر لیجئے ۔ اس کے سوا دوسری کوئی ممکن صورت سرے سے آپ کے لیے موجود ہی نہیں۔
قدیم زمانہ میں جنگ کسی مسئلہ کو حل کرنے کا وسیلہ ہو سکتی تھی، مگر موجودہ زمانہ میں جنگ خود سب سے بڑا مسئلہ پیدا کرنے کا ذریعہ بن چکی ہے۔ موجودہ زمانہ کی جنگ جو عمومی تباہی لاتی ہے وہ تمام تباہیوں سے زیادہ بڑی تباہی ہے۔ اس لیے اب آدمی کو صرف دو میں سے ایک کام کرنا ہے۔ یا تو وہ پرامن دائرہ میں رہتے ہوئے اپنی کوشش انجام دے، یا پھر خاموشی کا طریقہ اختیار کر لے۔
‹ Previous page Next page › Contents of October 1996 All issues