میرٹھ کا سفر
الرسالہ، نومبر ۱۹۹۶، صفحہ ۹
دنیا میں تیز رفتار سفر کا زمانہ آیا تو ساری دنیا کی سڑکوں پر ایکسیڈنٹ ہونے لگے۔ ہر چیز کے کچھ ایڈوانٹیج ہیں اور کچھ ڈس ایڈوانٹیج۔ موجودہ دنیا میں معیاری زندگی کی تعمیر ممکن نہیں۔ سواریوں کو گزرنے کے لیے سڑک کا طریقہ بہت قدیم زمانے سے پایا جاتا ہے۔ مثلاً مور یہ سلطنت جس کا زمانہ چوتھی صدی قبل مسیح ہے، اس کے حکمرانوں نے ایسی سڑکیں بنائی تھیں جن کے ذریعہ وہ اپنی پوری سلطنت میں سفر کر سکیں۔ واضح ہو کہ ان کی سلطنت ایک طرف دریائے سندھ سے دریائے برہم پتر تک اور دوسری طرف ہمالیہ پہاڑ کے کناروں سے لے کر وندھیا چل تک پھیلی ہوئی تھی۔ تاہم جدید طرز کی پختہ (hard-surfaced) سڑکیں اس وقت بنائی گئیں جب کہ صنعتی انقلاب آیا اور مشینی سواریاں انسانوں کو لے کر دوڑنے لگیں۔
انڈیا میں سڑکوں (یا ریل کی پٹریوں) کا معیار ابھی ترقی یافتہ ملکوں کے معیار سے بہت کم ہے۔ مغربی ملکوں میں گاؤں اور قصبات میں جو سڑکیں میں نے دیکھی ہیں ویسی سڑکیں یہاں دہلی اور بمبئی میں بھی ابھی تک پائی نہیں جاتیں۔ یہی وجہ ہے کہ انڈیا میں نہ ریل زیادہ تیز چلائی جاسکتی ہے اور نہ کار۔
‹ Previous page Next page › Contents of November 1996 All issues