Al-Risala · May 1997 · page 24

پونہ کا سفر

الرسالہ، مئی ۱۹۹۷، صفحہ ۲۴

پونہ کا سفر

پونہ کے ایک بڑے سائنسی ادارہ ایم آئی ٹی کے زیر انتظام پونہ میں ایک بین الاقوامی کانفرنس ہوئی جو ۲۴ نومبر سے یکم دسمبر ۱۹۹۶ تک جاری رہی۔ اس کانفرنس کا نام ورلڈ فلاسفر میٹ تھا۔ اس کی دعوت پر راقم الحروف نے پونہ کا سفر کیا۔ ذیل میں اس کی مختصر روداد درج کی جاتی ہے۔ ۲۳ نومبر ۱۹۹۶ کی شام کو دہلی سے انڈین ایرلائنس کی فلائٹ کے ذریعہ روانگی ہوئی۔ جہاز مکمل طور پر بھرا ہوا تھا جب کہ ہر دن بہت سے لوگ ٹرینوں اور بسوں کے ذریعہ بھی دہلی سے پونہ کا سفر کرتے ہیں۔ جدید وسائل سفر سے پہلے دہلی اور پونہ کے درمیان روزانہ ایک آدمی کے سفر کا اوسط بھی نہیں ہوگا مگر آج دونوں شہروں کے درمیان ہزاروں آدمی روزانہ آتے ہیں اور جاتے ہیں۔ یہ صنعتی انقلاب کا نتیجہ ہے۔ صنعتی انقلاب نے زندگی کے نقشہ میں جو تبدیلیاں کی ہیں اس کا ایک پہلو انسانی اختلاط میں غیر معمولی اضافہ ہے۔ اس طرح جدید دور نے دعوت کے امکانات کو بہت زیادہ بڑھا دیا ہے۔ مگر جن لوگوں کو ان جدید دعوتی مواقع کو استعمال کرنا تھا وہ ان سے باخبر ہی نہ ہو سکے، پھر وہ ان کو استعمال کس طرح کرتے۔

دو گھنٹہ کی مسلسل پرواز کے بعد جہاز پونہ کے ہوائی اڈہ پر اترا وہاں کانفرنس کے نمائندوں کے علاوہ حلقۂ الرسالہ کے افراد بھی موجود تھے۔ ایئر پورٹ پر کچھ وقت گزارنے کے بعد ہمارا قافلہ شہر کی طرف روانہ ہوا۔ یہاں میراقیام اسیش پلازہ (روم ۴۰۴) میں تھا۔ یہ ہوٹل تاریخی فرگوسن کالج کے عین سامنے واقع ہے اور نہایت صاف ستھرا ہے۔ ہوٹل کا عملہ بھی مستعد نظر آیا۔ پونہ کی یہ فلسفیانہ کانفرنس مہاراشٹر کے ایک قدیم فلسفی شاعر جنانیشور (۱۲۹۶ء ۔ ۱۲۷۶ء) کے نام پر کی گئی تھی۔ دوسری کتابوں کے علاوہ انھوں نے گیتا کی ایک شرح مراٹھی زبان میں لکھی تھی جس کا ترجمہ یونیسکو کی طرف سے انگلش، ،فرنچ اسپینش میں کیا جا رہا ہے۔ یہ بات کانفرنس میں بتائی گئی۔ ۲۴ نومبر کو کانفرنس کے افتتاح کا دن تھا۔ ایک وسیع پنڈال میں دلائی لامہ نے اس کا افتتاح کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر میں اس پر زور دیا کہ لوگ اپنے نفرت پن کو ختم کریں اور مل جل کر امن کے ساتھ زندگی گزاریں۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 1997 All issues

Printed page