Al-Risala · September 1997 · page

سفر نامہ فلسطین

الرسالہ، ستمبر ۱۹۹۷

کے ذریعہ دہلی سے روانگی ہوئی۔ جہاز کا مقرر وقت 9 بجے شام تھا۔ مگر جہاز ڈیڑھ گھنٹہ کی تاخیر سے روانہ ہوا۔ دہلی سے بمبئی کی دوری ۱۱۷۰ کلومیٹر ہے جو پونے دو گھنٹہ میں پوری ہوئی۔ دورانِ پرواز ایئر انڈیا کی فلائٹ میگزین نمسکار( (جولائی۔ اگست 1995) دیکھا۔ اس کے ایک صفحہ پر اوپر کے درجہ کے مسافروں سے کہا گیا تھا کہ فرسٹ کلاس اور ایگزیکٹیو کلاس کے مسافروں کے لیے دورانِ سفر میں بلا انقطاع تفریح (non-stop entertainment) کا انتظام کیا گیا ہے۔ میری سیٹ کے ساتھ ایئر فون رکھا ہوا تھا مگر میں نے اس کو استعمال نہیں کیا۔ اس قسم کی تفریحات نے انسان سے یہ موقع چھین لیا ہے کہ وہ کائنات میں بکھری ہوئی خدا کی تجلیات پر غور کرے اور ان سے اپنی روح کے لیے ربانی غذا حاصل کرے ۔ کائنات میں ہر طرف خدائی نغمے بلند ہو رہے ہیں مگر انسان نے ”ہیڈ فون“ لگا کر اپنے آپ کو اس سے محروم کر لیا ہے کہ وہ زیادہ اعلیٰ نغماتِ خداوندی کو سن سکے ۔

بمبئی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا تو یہاں بہت زیادہ بھیڑ نظر آئی۔ مسلمان اور عرب بھی کافی تعداد میں تھے۔ ایئرپورٹ پر لمبی مسافت طے کر کے کے ایل آل کے کاؤنٹر پر پہنچا۔ یہاں ایک خاتون نے کہا کہ میں ایل آل کی طرف سے سیکیورٹی چیک کے لیے ہوں۔ اور میں آپ سے سوالات کروں گی۔ یہ خاتون آدھا گھنٹہ تک مجھ سے طرح طرح کے بے معنی سوالات کرتی رہی ــــــــ آپ کہاں سے آئے ہیں۔ کہاں جا رہے ہیں۔ آپ کا ٹکٹ کس نے خریدا ہے۔ آپ کو کسی نے کوئی گفٹ دیا ہے۔ آپ کے بیگ میں کیا کیا چیزیں ہیں۔ آپ کا یہ پاسپورٹ نیا ہے پھر پچھلا پاسپورٹ کہاں ہے۔ اس بیگ میں جو کچھ ہے وہ کس کا ہے۔ اگر سب سامان نکال دیا جائے تو بیگ کس کا ہے۔ آپ دہلی میں رہتے ہیں تو دہلی سے کیوں نہیں گئے، بمبئی سے کیوں جا رہے ہیں۔ تقریباً آدھ گھنٹہ تک وہ اس قسم کے سوالات کرتی رہی۔ میں پہلے تو معتدل انداز میں اس کا جواب دیتا رہا۔ مگر جب میں نے دیکھا کہ اس کے سوالات ختم ہی نہیں ہو رہے ہیں تو مجھے غصہ آ گیا۔ میں نے کہا :

Who are you foolish girl to ask me such silly questions. میں نے کہا کہ میں تل ابیب نہیں جاؤں گا۔ میرے کاغذات مجھے لوٹا دو۔ میں اب دہلی واپس جا رہا ہوں۔ پھر میں نے کہا کہ تم اپنا نام بتاؤ۔ میں تمہاری کمپلینٹ کروں گا اور پھر تم کو سب کچھ معلوم

‹ Previous page Next page › Contents of September 1997 All issues

Printed page