دوہرا کردار
الرسالہ، دسمبر ۱۹۹۷
دوہرا کردار
ایک ہفت روزہ مسلم اخبار (۱۲ - ۱۸ مئی ۱۹۹۱) کا ایڈیٹوریل پڑھا ۔ اس ایڈیٹوریل کا عنوان تھا: مسلم نفرت مہم (Hate-Muslim Campaign)
اس ایڈیٹوریل میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے افراد کی ان تقریروں اور تحریروں کا ذکر کیا گیا ہے جن میں مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈا ہوتا ہے اور مسلمانوں کے اوپر دشنام طرازی کرکے ان کے خلاف نفرت اور عناد پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
اس بات کی صرف ترجمانی کی جارہی ہے۔
یہ کسی ایک مضمون کی بات نہیں مسلمانوں کے تمام اخبارات ، تمام رسالے اور تمام کانفرنسوں میں ہر روز اسی قسم کی باتیں کہی جارہی ہیں ۔ مسلمانوں کا لکھنے اور بولنے والا طبقہ مسلسل اسی اعلان میں مشغول ہے ۔ اب اس کام پر تقریباً ۵۰ سال سے زیادہ گزر چکے ہیں۔ مگر نتیجہ کے اعتبار سے دیکھے تو ان تمام تقریری اور تحریری کوششوں کا کوئی بھی فائدہ نہیں ہوا “ مسلم دشمن عناصر“ پہلے سے بھی زیادہ شدت اور وسعت کے ساتھ اپنے پروپگنڈے کی مہم جاری رکھنے میں کامیاب نظر آرہے ہیں یہ مسلمانوں کے حق میں “ حبط اعمال“ کی ایک صورت ہے۔ یعنی کوشش کی سطح پر عمل کرنے کے باوجود ان کے اعمال کا بالکل بے نتیجہ ہو جانا۔
اس کا سبب یہ ہے کہ مسلمانوں کے لکھنے اور بولنے والے لوگ اس مرض میں مبتلا ہیں جس کو قرآن میں تطفیف کہا گیا ہے۔ یعنی اپنے لیے ایک معیار، اور دوسرے کے لیے اس سے مختلف دوسرا معیار۔ ملک میں ایک “ مسلم نفرت مہم “ وہ ہے جو ہندو کی طرف سے چلائی جارہی ہے۔ ایسی مہم کے خلاف لکھنے اور بولنے کے لیے تمام مسلمان مجاہد بنے ہوئے ہیں۔ دوسری “ مسلم نفرت مہم “ وہ ہے جو ایک مسلمان کی طرف سے دوسرے مسلمان کے خلاف چلائی جاتی ہے۔ یہ دوسری مہم یہاں بہت بڑے پیمانہ پر جاری ہے۔ مگر اس دوسری مہم کی مذمت کرنے والا ساری ملت اسلامیہ میں کوئی نہیں۔ حتی کہ جو لوگ مسلم نفرت مہم کے نام پر ہندوؤں کے خلاف جھنڈا اٹھاتے ہیں، وہ خود کسی نہ کسی مسلمان کو نشانہ بنا کر اس کے خلاف نفرت پھیلانے کی مہم جاری کیے ہوئے ہیں ۔ - اس قسم کا دہراکردار ایک جرم ہے۔ اور دہراکردار کے مجرمانہ فعل پر خدا کے یہاں سزا کی وعید ہے نہ کہ نصرت اور انعام کا وعدہ ۔
‹ Previous page Next page › Contents of December 1997 All issues