Al-Risala · August 1998 · page 4

تجرباتِ سفر

الرسالہ، اگست ۱۹۹۸، صفحہ ۴

تجرباتِ سفر

راقم الحروف نے غالباً سب سے پہلا سفرنامہ پچاس سال پہلے لکھا تھا۔ یہ جنوبی ہند کا سفرنامہ تھا یہ سفرنامہ شائع نہ ہوسکا۔ اب اس کی کوئی کاپی میرے پاس موجود نہیں البتہ اس کا ایک جزء اب تک مجھے یاد ہے۔ سفر کے دوران ایک ریلوے اسٹیشن پر ہماری ٹرین رکی میں نے دیکھا کہ پلیٹ فارم پر ایک کیلے والا آیا اور پٹرم پٹرم ملکہ کر اس کو بیچنے لگا۔ میں نے دیکھا کہ اس کے کیلے چھوٹے چھوٹے بظاہر معمولی قسم کے ہیں۔ میں نے اپنے دل میں سوچا کہ یہ کیلے یہاں کون خریدے گا۔

مگر میں نے دیکھا کہ وہ اس قسم کے کسی احساس سے بے نیاز ہو کر اپنے کیلے بیچنے کے لیے پلیٹ فارم پر چکر لگا رہا ہے تھوڑی دیر کے بعد وہ میرے سامنے سے دوبارہ گزرا تو میں نے دیکھا کہ اس کے بیشتر کیلے فروخت ہو چکے تھے۔ اس واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے میں نے اپنے سفر نامہ میں لکھا تھا کہ ــــ اس دنیا میں ہر چیز کے خریدار موجود ہیں ، اشارہ یہ ہے کہ آدمی اپنا سودا لے کر دنیا کے بازار میں کھڑا ہو جائے۔ میرا پہلا مطبوعہ سفرنامہ غالباً وہ ہے جو تقریبا چالیس سال پہلے رام پور کے ماہنامہ الحسنات (جلد۲۶شمارہ ۸) میں چھپا تھا : اس کا عنوان تھا ـــ بمبئی کے سفر میں ۔ اس مطبوعہ سفر نامہ کا ایک جزء یہاں نقل کیا جاتا ہے :

میں بمبئی کے ریلوے اسٹیشن پر مغل سرائے جانے والی ٹرین کا انتظار کر رہا ہوں۔ بمبئی بہت بڑا جنکشن ہے۔ ہر وقت گاڑیاں چلتی رہتی ہیں۔ تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد میرے سامنے سے ٹرینیں گزر رہی تھیں ۔ میں نے سوچا کہ مغل سرائے ایکسپریس کے علاوہ اگر میں کسی اور گاڑی پر سوار ہو جاؤں تو کیا وہ مجھے منزلِ مقصود تک پہنچادے گی ؟ دوسری جو گاڑیاں ہیں ان کی حیثیت بھی تو بہر حال گاڑی کی ہے۔ ان پر بھی بہت سے آدمی سوار ہیں ۔ ان میں ایسی بھی ہیں جو مغل سراۓ ایکسپریس سے زیادہ تیز دوڑتی ہیں اور ایسی بھی ہیں جن میں خوب کشادہ جگہ مل سکتی ہے۔ لیکن ظاہر ہے کہ ان میں سے کوئی بھی مجھے اپنی منزل تک نہیں پہنچاسکتی۔ بلکہ اگر مان میں سے کسی پر میں بیٹھ جاؤں تو وہ مجھ کو منزلِ مقصود سے اور زیادہ دور کر دے گی ۔ سیکڑوں میل کا یہ ٹکٹ دوسرے راستہ پر مجھ کو ایک میل بھی نہیں لے جاسکتا ۔ اگر یہ ٹکٹ لے کر میں دوسرے راستے کی گاڑی پر بیٹھ جاؤں تو نہ صرف یہ کہ مجھے اس کا الگ سے کرایہ دینا ہوگا بلکہ جرمانہ بھی ادا کرنا پڑے گا۔

‹ Previous page Next page › Contents of August 1998 All issues

Printed page