سفر امریکہ - ۲
الرسالہ، ستمبر ۱۹۹۸، صفحہ ۳۰
یہاں ایک امریکن مسلم کونسل (7892262-202 .Tel) ہے۔ اس نے ۲۲ اگست ۱۹۹۶ کو ایک صفحہ کا ایکشن الرٹ (action alert) چھاپ کر تقسیم کیا۔ اس کا پس منظر یہ ہے کہ امریکی میگزین نیوزویک (۱۹ اگست ۱۹۹۶) نے مسٹروڈ ورڈ (Kenneth L. Woodward) کا ایک آرٹیکل چھاپا۔ اس میں یہ تاثر دیا گیا تھا کہ اسلام کا نظریہ یہ ہے کہ طاقت کے ذریعہ اسلام کو دنیا میں پھیلایا جائے ۔ اس الزام کا جواب دیتے ہوئے ایکشن الرٹ میں کہا گیا تھا کہ تاریخی حقیقت یہ ہے کہ مسلمانوں نے صرف اس وقت دفاع کے لیے جنگ کی ہے جبکہ انہیں اکسایا گیا ہے یا ستم زدہ لوگوں کی درخواست پر۔ انھوں نے کبھی اسلام کو پھیلانے کے لیے جنگ نہیں کی :
Historically, Muslims have fought only when provoked, in defense of themselves, or at the request of the oppressed—never for the purpose of spreading Islam. یہ ایکشن الرٹ مجھ کو ایک پاکستانی مسلمان نے دیا تھا۔ گفتگو کے دوران انھوں نے کہا کہ انڈیا نے ہمارے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا ہے۔ اس نے اپنی فوجی طاقت استعمال کرکے بنگلہ دیش بنوایا ہے۔ میں نے کہا کہ اپنے اس بیان میں آپ ماضی میں مسلمانوں کی اس فوج کشی کو جائز قرار دے رہے ہیں جو انھوں نے علاقے کے ستم رسیدہ لوگوں کی درخواست پر کیا۔ پھر یہی تو انڈیا کا معاملہ بھی ہے۔ اس نے شیخ مجیب الرحمن اور ان کے ساتھیوں کی فریاد پر بنگلہ دیش کے معاملہ میں مداخلت کی اور آخر میں اپنی فوجیں واپس بلا لیں۔ آپ کو ڈبل اسٹینڈرڈ نہیں بننا چاہیے، یا تو آپ دونوں کو غلط کہیں یا دونوں کو درست قرار دیں۔ دوہرا معیار اسلامی تعلیمات کے سراسر خلاف ہے۔ یہاں ایک پمفلٹ نظر سے گزرا۔ اس میں ایک مسلم ماہر معاشیات نے یہ تجویز کیا تھا کہ مسلمان اپنی اقتصادیات کے ذریعہ ساری دنیا کو اپنے زیر اثر لا سکتے ہیں۔ اور اس کی صورت یہ ہے کہ وہ منصوبہ بندی کے تحت ساری دنیا میں سرمایہ کاری کریں (ملاحظہ ہو نقشہ ذیل)۔ اس پر گفتگو کرتے ہوئے میں نے ایک صاحب سے کہا کہ اس قسم کی تجویزیں محض خوش فہمی ہیں نہ کہ حقیقتہ تجویزیں۔ اس لیے کہ مناسب عالمی سرمایہ کاری صرف مطلوبہ رقم کا معاملہ نہیں ہے۔ وہ سب سے پہلے قومی شعور اور مجموعی ترقی کا معاملہ ہے۔ ہمارے یہاں نہ تو اس کے مطابق ضروری شعور موجود ہے اور نہ اس کو سپورٹ دینے والی مجموعی ترقی ۔ ایسی حالت میں کسی بھی درجہ میں اس کا امکان نہیں کہ وہ کامیابی کی منزل تک پہنچ سکے۔
‹ Previous page Next page › Contents of September 1998 All issues