Al-Risala · November 1998 · page 5

دورِ قرآن

الرسالہ، نومبر ۱۹۹۸، صفحہ ۵

موجودہ زمانہ میں اس قسم کے مختلف واقعات پیش آرہے ہیں جو یہ بتاتے ہیں کہ شاید اب وہ دور آگیا ہے جس کو مسند احمد کی ایک روایت میں ادخال کلمہ کہا گیا ہے۔ یعنی ایک ایسا دور آئے گا جب کہ اسلام کا کلمہ ساری دنیا میں پھیلے گا اور وہ ہر گھر میں داخل ہو جائے گا۔

یہ اتنا بڑا کام ہے جو صرف اہل اسلام کے ذریعہ انجام نہیں پاسکتا تھا۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے اس منصوبہ کو واقعہ بنانے کے لئے دوسری قوموں کو اس عمل (process) میں شریک کر دیا۔ اس حقیقت کی طرف بخاری کی ایک روایت میں اشارہ موجود ہے۔ اس کے مطابق رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ بے شک اللہ اس دین کی تائید فاجر آدمی سے بھی کرے گا (ان اللہ لیؤید الدین بالرجل الفاجر)

اشاعت اسلام کے اس بین اقوامی منصوبہ کی تکمیل کے لئے اللہ تعالیٰ نے پچھلی صدیوں کے درمیان بہت سی بڑی بڑی تبدیلیاں فرمائیں۔ اس کے لئے مذہبی آزادی کا دور لایا گیا۔ پرنٹنگ پریس کی ایجاد ہوئی۔ کمیونی کیشن کو اس حد تک بڑھایا گیا کہ ساری دنیا ایک گلوبل ویلج میں تبدیل ہوگئی۔ مذہبی کتابوں کے مطالعہ کا ذوق عام ہو گیا۔ مختلف تحقیقات ایسی سامنے آئیں کہ ان کے بعد اسلام کو نئی علمی اور تاریخی اہمیت حاصل ہو گئی۔ پٹرول کے ظہور کے بعد اسلام دوبارہ دنیا والوں کے لئے قابل توجہ چیز بن گیا۔ اس طرح کے مختلف حالات نے ادخال کلمہ کے پراسس کو موجودہ زمانہ میں تیز تر کر دیا ہے۔ یہ اشاعتی پراسس یقینی طور پر مسلسل جاری رہے گا۔ یہاں تک کہ وہ اپنے آخری نشانہ تک پہنچ جائے۔

‹ Previous page Next page › Contents of November 1998 All issues

Printed page