Al-Risala · November 1998 · page 49

All the news that's fit to our industry.

الرسالہ، نومبر ۱۹۹۸، صفحہ ۴۹

سوال

آپ غیر مسلموں کے اجتماعات میں جاتے ہیں۔ دعوتی اعتبار سے یہ ایک اچھی بات ہے۔ مگر جہاں تک معلوم ہوا ہے، آپ وہاں اسلامی عقائد کو پیش نہیں کرتے۔ بلکہ اسلام کے اخلاقی تعلیمات اور معاملات کو پیش کرتے ہیں۔ دعوت کا یہ طریقہ درست نہیں۔ آپ کو چاہئے کہ سنت نبوی کے مطابق اسلامی عقائد کو ان کے سامنے پیش کریں (زکی نور عظیم ندوی، لکھنؤ)

جواب

آپ کی یہ اطلاع درست نہیں، دعوت کوئی ایک ریکارڈ بجانے کا نام نہیں ہے۔ بلکہ مخاطب کی نفسیات اور موقع و محل کی رعایت سے کوئی بات پیش کرنے کا نام ہے۔ اور میں خدا کے فضل سے یہی کرتا ہوں۔ مثلاً غیر مسلموں کے ایسے کئی اجتماعات ہیں جن میں میں نے ویدانت کی فلاسفی (ادویت واد) کے مقابلہ میں اسلام کے تصور توحید کو پیش کیا۔ بعض اجتماعات میں جہاں ایسے لوگ اکٹھے تھے جو اسلام کو تشدد پسند مذہب سمجھتے تھے، ان کے سامنے اسلام کو رحمت کلچر کے طور پر پیش کیا۔ اسی طرح بعض اور اجتماعات میں جہاں ایسے مخاطبین تھے جو اسلام کی تاریخ کے بارے میں شک و شبہ میں تھے، وہاں اسلامی تاریخ کی صحیح تصویر پیش کی۔ بعض اور مواقع پر جہاں محسوس ہوا کہ لوگ اسلام کے نام سے متوحش ہوتے ہیں وہاں یہ توحش دور کرنے کی کوشش کی تا کہ وہ اسلام کا مطالعہ کرنے لگیں۔ بعض مواقع پر جہاں لوگ مسلمانوں کے بعض اعمال کو دیکھ کر اسلام کے بارے میں بدگمان ہو رہے تھے۔ وہاں بتلایا کہ اسلام کو سمجھنے کا ماخذ قرآن و سنت ہے نہ کہ مسلمانوں کی روش۔ یہی طریقہ سنت نبوی سے ماخوذ ہے۔ اسی کو ایک صحابی نے ان الفاظ میں بیان فرمایا: کلم الناس علی قدر عقولہم۔

‹ Previous page Next page › Contents of November 1998 All issues

Printed page