دوبرائی
الرسالہ، دسمبر ۱۹۹۸، صفحہ ۸
دوبرائی
قرآن میں بتایا گیا ہے کہ اللہ کے نزدیک شرک ایک ناقابلِ معافی جرم ہے (النساء ۴۸) اسی طرح حدیث میں ہے کہ وہ آدمی جنت میں نہیں جائے گا جس کے اندر ذرہ برابر بھی کبر ہو۔ اس سے معلوم ہوا کہ دو برائیاں سب سے زیادہ بڑی برائیاں ہیں۔ شرک اور کبر (گھمنڈ) شرک خدا کی نسبت سے اور کبر بندوں کی نسبت سے۔ خدا کی نسبت سے انسان کا سب سے بڑا جرم یہ ہے کہ وہ خدا کے سوا اور کسی کو اپنا بڑا سمجھے اور اس کو اپنی تو جہات کا مرکز بنائے۔ انسان کے اندر جو عقیدت و محبت کے اعلیٰ جذبات ہیں ان کا واحد مرکز صرف ایک خدا ہے۔ ان جذبات کا مرکز خدا کو بنانا توحید ہے اور اس اعتبار سے کسی اور کو اپنے دل میں جگہ دینا شرک ہے۔
کبر (گھمنڈ) کا تعلق انسان سے ہے۔ انسان کے مقابلہ میں جو اخلاق مطلوب ہے وہ تواضع ہے۔ تواضع کی روش مطلوب انسانی روش ہے اور کبر کی روش غیر مطلوب انسانی روش۔ اللہ تعالیٰ نے ایک انسان اور دوسرے انسان کے درمیان فرق رکھا ہے۔ کسی کو کوئی چیز کم ملی ہے اور کوئی چیز زیادہ۔ یہی فرق لوگوں کے اندر برتری کی نفسیات پیدا کر دیتا ہے۔ زیادہ والا کم والے کے مقابلہ میں گھمنڈ کرنے لگتا ہے۔ یہ اللہ کے نزدیک ایک بدترین جرم ہے۔ دنیا میں فرق کا یہ نظام در اصل امتحان کی بنا پر ہے۔ اب یہ چاہیے کہ جس کو کم ملے وہ احساسِ کمتری میں مبتلا نہ ہو۔ وہ یہ ثابت کرے کہ دنیا کی کمی اس کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔ اصل اہمیت کی بات یہ ہے کہ آخرت میں وہ کمی کا شکار نہ ہو جائے۔ اس طرح جس کو زیادہ حصہ ملا ہے وہ بھی اس لئے کہ وہ اس عطیہ پر شکر کا ثبوت دے۔ وہ بظاہر بر تر ہونے کے باوجود متواضع بن کر رہے وہ اپنی فوقیت سے انسان کو فائدہ پہنچائے نہ کہ اس کی بنیاد پر اپنے کو دوسروں سے اونچا سمجھنے لگے۔
‹ Previous page Next page › Contents of December 1998 All issues