خبر نامه اسلامی مرکز ۱۳۶
الرسالہ، جون ۲۰۰۰، صفحہ ۴۹
المشن سے وابستہ لوگ جگہ جگہ اسکول اور مدر سے قائم کر رہے ہیں۔ یہ بہت خوش آئند بات ہے۔ لوگوں کو ہر جگہ اس قسم کے تعلیمی ادارے قائم کرنا چاہئے۔ یہ ایک بنیادی کام ہے اور دور رس نتائج کا حامل ہے۔
ڈائری کی مزید کئی جلدیں کتابت ہو کر تیار ہیں۔ انشاء اللہ جلد ہی شائع کی جائیں گی۔ ان میں سے ہر جلد دو سال کی ڈائری پر مشتمل ہوگی۔ ڈائری کا یہ سلسلہ ۱۹۸۳ء سے شروع ہوا اور اس کے بعد خدا کے فضل سے یہ مسلسل جاری ہے۔
الرسالہ اور مطبوعاتِ الرسالہ کے قارئین خدا کے فضل سے دنیا کے ہر حصہ میں پائے جاتے ہیں۔ ان قارئین کے تاثرات ڈاک، ٹیلیفون، فیکس اور انٹرنیٹ کے ذریعہ برابر ملتے رہتے ہیں۔ مگر طوالت کے خوف سے ان کو خبر نامہ میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان میں الرسالہ کے افکار تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ یہاں ایک خط بطور نمونہ نقل کیا جاتا ہے۔ ایک پاکستانی نوجوان اپنے خط مورخہ ۲۵ مارچ ۲۰۰۰ میں لکھتے ہیں: ہم چند نو جوان ایک گاؤں میں رہتے ہیں اور آپ کا الرسالہ اور دیگر کتابیں تقریبا دس سال سے پڑھ رہے ہیں۔ اور آپ کے فکر سے کافی متاثر ہیں۔ ہم آپ کے بہت شکر گذار ہیں اور رب تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ آپ کو صحت مند اور توانا ر کھے آمین۔ اس سے پہلے بھی ہم نے آپ کو چار پانچ خط لکھے ہیں جن میں سے آپ نے پہلے خط کا جواب بھی لکھا تھا۔ بعد میں آپ کا کوئی خط نہ ملا۔ شاید ہم نوجوان کچھ جذباتی ہیں۔ کیا کریں آپ سے والہانہ محبت اور عقیدت ہے۔ الرسالہ پڑھنے سے پہلے ہم کچھ بھی نہ تھے اور بے قیمت اور جانور جیسی زندگی گزار رہے تھے اور دنیوی مقصد کے سوا کوئی اور مقصد ہی نہ تھا۔ لیکن الرسالہ کے بعد ایسی تبدیلی آئی کہ اب ہم آخرت کے لئے فکرمند رہتے ہیں، اور آپ کے طرز کی زندگی گزارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بس آپ سے التجا ہے کہ تہجد کے وقت رات کو جب آپ اٹھیں تو ہمارے لئے دعا کریں کہ اللہ ہمیں ثابت قدم رکھے اور عمل کی توفیق دے، آمین۔ (زاہد علی، عبد المنان، معشوق علی اور خیر محمد، پاکستان)
‹ Previous page Next page › Contents of June 2000 All issues