تعارف اسلام
الرسالہ، اکتوبر ۲۰۰۰، صفحہ ۱۲
تعارف اسلام
ڈاکٹر ارن کمار دہلی کے ایک ممتاز ڈینسٹ ہیں۔ ہمارے گھر کی ایک خاتون کو دانت میں تکلیف تھی۔ انہوں نے ڈاکٹر کمار سے اپائنٹمنٹ لیا۔ مقرر تاریخ پر جب وہ وہاں گئیں تو اپنے ساتھ ہمارے یہاں کی چھپی ہوئی انگریزی کتاب A Treasury of the Quran لیتی گئیں اور ڈاکٹر کمار کو ہدیہ پیش کیا۔
ڈاکٹر کمار اس کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔ دانت کا کام کرنے کے بعد جب وہ ان کے یہاں کی خاتون ریسپشنسٹ کے یہاں گئیں تا کہ اپنا بل ادا کریں تو خاتون کلرک نے ڈاکٹر سے انٹر کام پر فیس کی رقم معلوم کی تو ڈاکٹر نے کہا کہ ان سے فیس نہیں لینا ہے۔ اس طرح کے واقعات بتاتے ہیں کہ موجودہ زمانہ میں اسلام کے دعوت و تعارف کا کام کتنا زیادہ آسان ہو گیا ہے۔ ایک طرف جدید دور کی سہولتوں نے اس کو ممکن بنا دیا ہے کہ اسلام کے موضوع پر خوبصورت کتابیں تیار کی جائیں جن کو ہدیہ یا قیمۃً لوگوں میں پھیلایا جائے ۔ دوسری طرف دور جدید میں مذہبی آزادی اور مطالعہ کے شوق نے اس بات کو ممکن بنا دیا ہے کہ لوگوں کو جب مطالعہ کی کوئی چیز فراہم کی جائے تو وہ شوق کے ساتھ اس کا مطالعہ کریں۔ اسلام کا پیغام دوسروں تک پہنچانا مسلمانوں کی لازمی ذمہ داری ہے۔ پہلے زمانہ میں اس کام کو انجام دینا سخت مشکل تھا۔ اب زمانہ کی تبدیلیوں نے صورت حال بالکل بدل دی ہے۔ دعوت کا کام پہلے اگر مذہبی جبر کے حالات میں کرنا پڑتا تھا تو اب یہ کام مذہبی آزادی کے حالات میں کرنا ممکن ہو گیا ہے۔ پہلے اگر اس کام کے لئے صرف تھوڑے وسائل میسر تھے تو اب کثیر وسائل اس کے لئے حاصل ہو گئے ہیں۔ پہلے اگر محدود دائرہ میں یہ کام کیا جاسکتا تھا تو اب وسیع تر دائرہ میں اسلام کی اشاعت کے دروازے کھل گئے ہیں، وغیرہ۔
‹ Previous page Next page › Contents of October 2000 All issues