Al-Risala · October 2000 · page 13

محبت فاتح عالم

الرسالہ، اکتوبر ۲۰۰۰، صفحہ ۱۳

محبت فاتح عالم

محبت ایک طاقت ہے۔ وہ کسی ہتھیار کے بغیر لوگوں کو فتح کر لیتی ہے۔ ہتھیاروں کا وار انسان کے جسم پر ہوتا ہے اور محبت کا وار انسان کے دل پر۔ اور اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ہتھیار زیادہ طاقت ور ہے جو دل کو جیت لے۔ جسم کو ہرانے والا ہتھیار مقابلہ بے حد کمزور ہے اور اسی کے ساتھ نہایت وقتی بھی۔

محبت کا یہ اصول زندگی کے تمام معاملات سے تعلق رکھتا ہے۔ آپ گھر میں ہوں یا پڑوس میں۔ آپ سفر میں ہوں یا حضر میں۔ ہر موقع پر ایسے معاملات پیش آتے ہیں جب کہ آپ کو دوسرے سے کوئی اختلاف یا شکایت ہو جائے۔ ایسے موقع پر اگر آپ رد عمل کا طریقہ اختیار کریں تو یقینی طور پر دونوں فریقوں کے درمیان نفرت اور ضد بڑھے گی۔ اور نفرت اور ضد معاملہ کو صرف بڑھاتی ہے، وہ کسی بھی درجہ میں معاملہ کو گھٹانے والی یا اس کو حل کرنے والی نہیں۔ اس کے بجائے اگر ایسا ہو کہ جب کسی بھی شکایت یا اختلاف کی صورت پیش آئے تو آپ رد عمل کی نفسیات کا شکار نہ ہوں۔ آپ فریق ثانی کے رویہ سے اوپر اٹھ کر اس کے ساتھ نرمی اور محبت کا معاملہ کریں۔ اگر آپ ایسا کریں تو آپ دیکھیں گے کہ معاملہ جہاں پیدا ہوا تھا وہیں ختم ہو گیا۔ جو اختلاف بظاہر دوری کا سبب بننے والا تھا وہ قربت بڑھانے کا ذریعہ بن گیا۔ کوئی شخص آپ سے کڑوا بول بولے تو آپ اس کا جواب میٹھے بول سے دیجئے۔ کوئی شخص آپ کو اپنے لئے مسئلہ سمجھے تو آپ یک طرفہ طور پر اپنے آپ کو بے مسئلہ بنا لیجئے۔ کوئی شخص آپ کے ساتھ بد معاملگی کرے تو آپ اس کے ساتھ اچھے برتاؤ کا ثبوت دیجئے۔ کوئی شخص آپ کو بدنام کرے تو آپ اس کا تذکرہ اچھے الفاظ کے ساتھ کیجئے۔ کوئی شخص آپ پر غصہ ہو جائے تو آپ اس کے لئے برف کی طرح ٹھنڈے پڑ جائیے۔ کوئی شخص آپ کے ساتھ بد خواہی کرے تو آپ اس کے حق میں خیر خواہ بن جائیے۔ یہی محبت کا طریقہ ہے، اور محبت بلا شبہ فاتح عالم ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of October 2000 All issues

Printed page