Al-Risala · February 2005 · page 28

نازک پارسل

الرسالہ، فروری ۲۰۰۵، صفحہ ۲۸

نازک پارسل

آپ نے دیکھا ہوگا کہ سامان ہوں کے بعض پارسل پر جلی حرفوں میں لکھا ہوا ہوتا ہے کہ احتیاط سے اٹھاؤ (handle with care)۔ یہ وہ پارسل ہیں جن میں کوئی نازک چیز (مثلاً شیشہ) پیک ہوتا ہے۔ اس طرح کے پارسلوں کے ساتھ اگر بے احتیاطی کا طریقہ اختیار کیا جائے تو ان کے اندر کا سامان ٹوٹ سکتا ہے۔ اس لیے ایسے پارسلوں کے اوپر یہ ہدایت لکھ دی جاتی ہے کہ ان کو اٹھانے اور رکھنے میں احتیاط کرو۔

پارسلوں میں تو ایسے پارسل بہت کم ہوتے ہیں جن کے ساتھ اس قسم کا نازک مسئلہ وابستہ ہو۔ مگر آج کل کے انسانوں کو دیکھتے تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ تمام لوگ اسی قسم کے نازک پارسل بنے ہوئے ہیں۔ ہر آدمی گویا مسٹر پرابلم (Mr Problem) یا مسٹر ہینڈل ودھ کیئر (Mr. Handle with care) بنا ہوا ہے۔

یہ وہ انسان ہیں جن کے ساتھ ذرا سا بھی کوئی خلاف مزاج بات پیش آجائے تو وہ فوراً بگڑ جاتے ہیں۔ وہ ہمیشہ دوسروں کے خلاف اس قسم کی شکایتیں لیے پھرتے ہیں کہ اس نے یہ کہہ دیا، اس نے وہ کہہ دیا۔ ایسے لوگ خدا کی زمین پر بوجھ ہیں۔ ان کے ذریعہ کبھی کوئی طاقتور سماج نہیں بن سکتا۔ حقیقی انسان وہ ہے جو لوہے کی مانند ہو۔ جس کو آہستہ رکھے تب بھی وہ لوہا رہتا ہے اور اگر زور سے پٹک دیجئے تب بھی وہ لوہا رہتا ہے۔ وہ جھٹکوں سے غیر متاثر رہ کر جینا جانتا ہے۔ ایسے انسان کسی سماج کا بہترین سرمایہ ہیں۔ ایسے ہی افراد کے ذریعہ ایک صحت مند سماج وجود میں آتا ہے۔ کامیاب زندگی کے دو اصول ہیں۔ ایک یہ کہ آپ بے مسئلہ انسان بن کر دنیا میں رہیں۔ دوسرا اصول یہ ہے کہ اگر کوئی شخص آپ کے لیے مسئلہ پیدا کرے تو آپ اس کو نظر انداز کر دیجئے ۔ اس کے سوا کوئی تیسرا اصول نہیں جو اس دنیا میں کسی کو کامیاب کر سکے۔ کامیابی، ایک لفظ میں، کامیاب منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of February 2005 All issues

Printed page