Al-Risala · September 2007 · page 11

Newton saw end of world in 2060

الرسالہ، ستمبر ۲۰۰۷، صفحہ ۱۱

صرف اس بات کی ہے کہ ان امکانات کو استعمال کرکے اس کارِ عظیم کو عملاً انجام دے دیا جائے ۔ گلوبل وارمنگ یا موجودہ دنیا کے خاتمے کی بات کوئی سادہ بات نہیں ۔ یہ براہِ راست طور پر خدا کے قانون سے جُڑی ہوئی ہے ۔ موجودہ دنیا جو انسان کو ملی ہوئی ہے ، وہ اُس کو نہ حق (right) کے طور پر ملی ہے اور نہ انعام (reward) کے طور پر ، اور نہ ایسا کہ وہ اتفاقی طور پر انسان کو مل گئی ہو بلکہ انسان یہاں امتحان کے طور پر رکھا گیا ہے ۔ امتحان کی مدت پوری ہونے کے بعد انسان اس دنیا میں رہنے کا جواز کھو دیتا ہے ۔ یہ معاملہ بالکل امتحان ہال جیسا ہے ۔ طالبِ علم کو امتحانی پر چہ کرنے کے لیے ایک محدود مدت تک امتحان ہال کے اندر رکھا جاتا ہے ۔ یہ مدت پوری ہوتے ہی طالب علم کو امتحان ہال سے باہر کر دیا جاتا ہے ۔ یہی معاملہ زیادہ بڑے پیمانے پر موجودہ دنیا کا ہے ۔

جیسا کہ قرآن میں بتایا گیا ہے ، انسانوں کے درمیان برابر خدا کے پیغمبر آتے رہے ۔ انھوں نے انسان کو خدا کی طرف سے پیغام دیا۔ جب پیغمبر کی مخاطب قوم نے پیغمبر کی بات نہ سُنی تو اتمامِ حجت کے بعد اُس قوم کو تباہ کر دیا گیا۔ یہ واقعہ ماضی میں بار بار ہوتا رہا۔

قدیم مثالوں میں اتمامِ حجت کا واقعہ مقامی طور پر ہوتا تھا ، اس لیے اتمامِ حجت کے بعد صرف محدود آبادی کو تباہ کیا جاتا تھا۔ اب جدید ترقیوں کی بنا پر ایسا ہو رہا ہے کہ عالمی سطح پر اتمامِ حجت کا واقعہ انجام پا رہا ہے ، اس لیے اب اتمامِ حجت کے بعد جو تباہی آنے والی ہے ، وہ عالمی تباہی ہوگی ۔ اسی کا نام قیامت ہے۔ قیامت اُسی اصول کا عالمی انطباق ہے جس کا انطباق پہلے صرف مقامی طور پر ہوا کرتا تھا۔ حدیث میں آیا ہے کہ ایک زمانہ آئے گا جب کہ اسلام کا کلمہ ساری دنیا کے ہر چھوٹے بڑے گھر میں داخل ہو جائے گا (لا يبقى على وجه الأرض بيت مدر ولا وبر إلّا أدخله الله كلمة الإسلام) کلمۂ اسلام کا یہ عمومی داخلہ یقینی طور پر اسباب کے تحت پیش آئے گا۔ قدیم زمانے میں اس کے اسباب موجود نہ تھے۔ اب موجودہ زمانے میں ماڈرن کمیونکیشن کی صورت میں یہ اسباب پوری طرح انسان کی دست رس میں آ چکے ہیں۔ اب یہ پوری طرح ممکن ہو گیا ہے کہ پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا اور ملٹی میڈیا کو استعمال کرکے کلمۂ اسلام کو ساری دنیا میں پہنچا دیا جائے۔

‹ Previous page Next page › Contents of September 2007 All issues

Printed page