سر، یہ آپ کے لیے ہے
الرسالہ، جولائی ۲۰۰۸، صفحہ ۱۷
سر، یہ آپ کے لیے ہے
ہمارے یہاں سے اسلام کے مختلف پہلوؤں پر بڑی تعداد میں دو ورقہ، یا کتابچہ (brochures) چھاپے گئے ہیں۔ ایک صاحب نے بتایا کہ وہ ہمیشہ اپنے ساتھ ان کتابچوں (brochures) کو رکھتے ہیں۔ جب بھی کوئی شخص، کہیں ان کو ملتا ہے، تو وہ یہ کہتے ہوئے کتابچہ اس کو پیش کر دیتے ہیں— سر، یہ آپ کے لیے ہے:
Sir, this is for you.
انہوں نے بتایا کہ جب بھی وہ کسی کو ایسا کتابچہ پیش کرتے ہیں، تو وہ نہایت خوشی کے ساتھ اُس کو لے لیتا ہے اور پڑھنے لگتا ہے۔ یہ بلاشبہہ دعوت کا نہایت آسان طریقہ ہے۔ ہر آدمی نہایت آسانی کے ساتھ اس طریقے کو اختیار کر سکتا ہے۔ آپ خواہ سفر میں ہوں، یا حضر میں، ہر وقت کسی سے آپ کی ملاقات ہوتی ہے۔ ہر وقت کسی سے آپ کو سابقہ پیش آتا ہے۔ ایسا ہر لمحہ آپ کو یہ موقع دیتا ہے کہ آپ اُس لمحے کو دعوت الی اللہ کے کام کے لیے استعمال کریں۔
موجودہ زمانے میں پرنٹنگ پریس کی ایجاد نے یہ دعوتی موقع ہمارے لیے فراہم کیا ہے۔ اِسی کے ساتھ موجودہ زمانے میں انٹریکشن (interaction) بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔ ہر جگہ اور ہر وقت کوئی نہ کوئی شخص آپ کو مل سکتا ہے، جس کو آپ ایک چھپا ہوا خوب صورت دعوتی کتابچہ پیش کر کے دعوت کے فرض کو انجام دے سکیں۔
دعوتی عمل کوئی مصنوعی عمل نہیں، وہ ایک فطری عمل ہے۔ روزانہ اپنی معمول کی زندگی کے ساتھ آپ دعوتی عمل کر سکتے ہیں۔ دعوتی موضوعات پر چھوٹے چھوٹے کتابچوں کی اشاعت نے ہر ایک کے لیے دعوت الی اللہ کے کام کو بہت زیادہ آسان بنا دیا ہے۔ ہر عورت اور مرد کو چاہیے کہ وہ اس امکان کو استعمال کرے۔ ہر شخص ان کتابچوں کو اپنے ساتھ رکھے، اور موقع کی مناسبت سے وہ اُس کو لوگوں تک پہنچاتا رہے۔ یہ عمل مسلسل جاری رکھنا ہے، یہاں تک کہ تمام لوگوں تک سچائی کا پیغام پہنچ جائے۔
‹ Previous page Next page › Contents of July 2008 All issues