Al-Risala · July 2008 · page 18

دعوت الی اللہ کا کام

الرسالہ، جولائی ۲۰۰۸، صفحہ ۱۸

دعوت الی اللہ کا کام

موجودہ زمانہ دعوت الی اللہ کے کام کے لیے انتہائی حد تک موافق زمانہ ہے۔ آج ہر جگہ مذہبی آزادی (religious freedom) کا ماحول ہے۔ کمیونیکیشن کی سہولتیں اعلیٰ درجے میں حاصل ہیں۔ مؤثر دعوتی لٹریچر چھپا ہوا موجود ہے۔ ایسی حالت میں کسی بھی شخص کے لیے کوئی عذر (excuse) باقی نہیں رہا۔ کوئی بھی عورت یا مرد یہ کہہ کر نہیں چھوٹ سکتا کہ وہ دعوت کا کام کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا تھا، اس لیے اُس نے دعوت کا کام نہیں کیا۔

آج دعوت کا کام کرنے کے لیے اس کی ضرورت نہیں ہے کہ آپ اپنے کاموں کو چھوڑ کر، تمام ضروری مضامین کا مطالعہ کریں اور پھر اپنے اندر اعلیٰ علمی استعداد پیدا کریں اور پھر دعوت کا کام کریں۔ اب آپ کی طرف سے یہ کام کیا جا چکا ہے۔ آپ اپنی زندگی کے نقشے میں کوئی تبدیلی کیے بغیر دعوت کے کام کو اپنی زندگی کا جُز بنا سکتے ہیں اور دعوت کی ذمے داریوں کو بخوبی طور پر ادا کر سکتے ہیں۔ آپ کو صرف یہ کرنا ہے کہ آپ الرسالہ کے دعوتی مشن میں شامل ہو جائیں۔ اس مشن کے تحت مختلف زبانوں میں طاقت ور لٹریچر شائع کیا جا چکا ہے۔ آپ اس لٹریچر کو حاصل کریں۔ اس کو ہر جگہ اپنے ساتھ رکھیں، اور جب بھی کسی شخص سے آپ کی ملاقات ہو، تو آپ اس کو یہ کہہ کر پیش کر دیں کہ—جناب، یہ آپ کے لیے ہے:

Sir, this is for you!

آپ اس لٹریچر کو اپنے آفس میں، اپنی دکان میں، اور اپنے ادارے میں نمایاں مقام پر رکھ دیں۔ آنے والے لوگ خود ہی اس کو لے لیں گے اور شوق سے اس کا مطالعہ کریں گے۔ یہ زمانے کا تقاضا ہے، اور ہمیں چاہیے کہ ہم اس تقاضے کو دعوت الی اللہ کے کام کے لیے استعمال کریں۔ زمانے نے اپنا کام کر دیا ہے، اب ہماری ذمے داری ہے کہ ہم جدید امکانات (opportunities) کو پہچانیں اور اس کو بھر پور طور پر استعمال کریں۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 2008 All issues

Printed page