Al-Risala · November 2008 · page 23

انعام، یا آزمائش

الرسالہ، نومبر ۲۰۰۸، صفحہ ۲۳

انعام، یا آزمائش

ایک صنعتی شہر کا واقعہ ہے۔ وہاں کے ایک مسلم نوجوان نے ٹیکنکل ایجوکیشن حاصل کی۔ اس کے بعد ان کو مقامی طور پر ایک اچھا جاب (job) مل گیا۔ اس درمیان ان کا ربط ایک دینی حلقے سے قائم ہوا۔ انھوں نے دینی کتابیں پڑھیں اور دینی شخصیتوں سے استفادہ کیا۔ وہ کافی متاثر ہوئے، یہاں تک کہ انھوں نے رو کر کہا کہ ــــ میں نے اپنی عمر کا ایک حصہ ضائع کر دیا۔ کاش، یہ دینی ماحول مجھے اور پہلے مل گیا ہوتا۔

اس کے بعد مذکورہ نوجوان کے اندر ایک تبدیلی واقع ہوئی ۔ مذکورہ نوجوان کے ایک رشتے دار ایک ’’فارین‘‘ کنٹری میں رہتے تھے۔ انھوں نے ان کے لیے ہوائی جہاز کا ایک ٹکٹ بھیج دیا اور کہا کہ تم وزٹ ویزا (visit visa) لے کر یہاں میرے پاس آجاؤ اور جاب ہنٹنگ (job hunting) کرو۔ ہو سکتا ہے، تم کو یہاں زیادہ اچھا جاب مل جائے ۔ اس کے بعد نوجوان کا ذہن بدل گیا۔ وہ پہلی فرصت میں باہر کے ملک میں جاب ہنٹنگ کے لیے چلے گئے۔

یہ کسی ایک نوجوان کی بات نہیں۔ یہی موجودہ زمانے میں تقریباً تمام لوگوں کا حال ہے۔ بظاہر ایک آدمی دین داری کی بات کرے گا۔ وہ اسلام کو اپنی منزل بتائے گا۔ لیکن اگر اس کو کسی قسم کی مادی ترقی (worldly progress) حاصل ہو جائے، تو اچانک وہ بدل جائے گا۔ وہ تمام باتوں کو بھلا کر مادی ترقی ہی کو اپنا سب کچھ بنا لے گا۔

ایسے کسی آدمی کے سامنے جب کوئی مادی ترقی کا موقع آتا ہے، تو وہ اس کے لیے کوئی انعام کی بات نہیں ہوتی، بلکہ وہ تمام تر اس کی آزمائش (test) کے لیے ہوتی ہے۔ مگر عجیب بات ہے کہ تمام لوگ اُس کو انعام کا معاملہ سمجھ لیتے ہیں، تمام لوگ اس خدائی آزمائش میں ناکام ثابت ہوتے ہیں۔ دین داری کسی رُٹین کا نام نہیں، دین دار وہ ہے جو اس جانچ (test) میں پورا اترے۔ اپنے دین کی حفاظت کیجیے، ورنہ شیطان کسی بھی وقت اس کو اچک لے جائے گا۔

‹ Previous page Next page › Contents of November 2008 All issues

Printed page