درد ناک انجام
الرسالہ، مارچ ۲۰۰۹، صفحہ ۱۸
درد ناک انجام
ہر آدمی اپنی ساری توانائی خرچ کر کے زیادہ سے زیادہ پیسہ کماتا ہے، صرف اس لیے تاکہ وہ جہنم کا مہنگا ٹکٹ خرید سکے۔ یہ جملہ اکثر نہایت درد کے ساتھ میری زبان سے نکل جاتا ہے۔ آج کل کے لوگوں کو میں دیکھتا ہوں کہ وہ اپنا سارا وقت اور اپنی ساری طاقت پیسہ کمانے میں لگائے ہوئے ہیں۔ اُن کو رات دن بس ایک ہی دُھن لگی رہتی ہے، وہ یہ کہ کس طرح وہ زیادہ سے زیادہ پیسہ کمائیں۔ یہی وہ چیز ہے جس کو قرآن کی سورہ نمبر 102 میں تکاثر کہا گیا ہے، یعنی کماتے کماتے قبر میں پہنچ جانا اور پھر جہنم کا سامنا کرنا۔
آج کل یہ حال ہے کہ سیکولر لوگ اور نام نہاد مذہبی لوگ، دونوں ایک ہی چیز کو اپنا نشانہ بنائے ہوئے ہیں۔ اور وہ ہے ہر ممکن ذرائع سے زیادہ سے زیادہ دولت کمانا۔
پھر اس دولت کا استعمال بھی صرف ایک ہے اور وہ ہے اپنی مادی خوش حالی میں اضافہ کرنا۔ مکان اور سواری اور کپڑے جیسی چیزوں میں زیادہ سے زیادہ ترقی کرنا۔ اگر کوئی شخص بظاہر مذہبی ہے، تو وہ صرف رسمی معنوں میں مذہبی ہے۔ مقصد زندگی کے اعتبار سے ہر ایک کا نشانہ صرف ایک ہے، اور وہ ہے مادی ترقی۔
ہر آدمی کی زندگی ایک تلخ انجام پر ختم ہو رہی ہے اور وہ ہے تمام مادی ترقیوں کو چھوڑ کر اس دنیا سے چلا جانا۔ یہ بے حد سنگین صورتِ حال ہے۔ اس میں دنیا کے تقریباً تمام لوگ مبتلا ہیں۔ اپنے خیال کے مطابق، وہ ترقی کی طرف جا رہے ہیں، مگر موت ہر ایک کو بتا رہی ہے کہ تمھارا سفر صرف تباہی کے گڑھے کی طرف تھا، نہ کہ ترقی کی منزل کی طرف۔
کیسا عجیب ہے انسان کا یہ انجام کہ وہ اپنے بہترین وقت اور اپنی بہترین توانائی کو خرچ کر کے لترؤُن الجحيم (التكاثر : 6) کا مصداق بن رہا ہے، یعنی جنت کا خواب دیکھنے والا، آخر کار اپنے آپ کو جہنم کے گڑھے میں گرا ہوا پائے۔
‹ Previous page Next page › Contents of March 2009 All issues