Al-Risala · March 2009 · page 19

شکرِ خداوندی

الرسالہ، مارچ ۲۰۰۹، صفحہ ۱۹

شکرِ خداوندی

مسٹر رجت ملہوترانے بتایا کہ انھوں نے ٹیلی فون پر مسٹر شہزاد سے بات کی۔ مسٹر شہزاد کی عمر تقریباً چالیس سال ہے۔ وہ میرٹھ کے رہنے والے ہیں۔ وہ الرسالہ مشن سے جڑے ہوئے ہیں۔ اس وقت اُن کو ایک شدید بیماری لاحق ہے۔ اس بیماری کی وجہ سے اُن کا نظامِ ہضم بڑی حد تک معطل ہو چکا ہے۔ مسٹر شہزاد نے ٹیلی فون پر بتایا کہ کچھ لوگ میرے پاس عیادت کے لیے آئے تھے۔ میں نے ان سے کہا کہ عیادت کا ثواب آپ کو صرف اْس وقت ملے گا، جب کہ آپ مجھ کو دیکھ کر حقیقی معنوں میں الحمدللہ کہہ سکیں۔ آپ جانتے ہیں کہ میرا حال یہ ہے کہ پانی پینا بھی میرے لیے مشکل ہے۔ اگر آدھی روٹی کھالوں تو وہ گھنٹوں ہضم نہیں ہوتی۔ ہضم کا قدرتی نظام اپنا کام نہیں کر رہا ہے۔ آپ کو یہ کہنا چاہیے کہ خدایا، تیرا شکر ہے کہ ہم پانی پی سکتے ہیں، ہم کھانا کھا سکتے ہیں، پانی اور کھانا ہمارے پیٹ کے اندر داخل ہو کر ہضم ہو جاتا ہے۔ یہ بات جو آپ کو حاصل ہے، وہ اتنی بڑی نعمت ہے کہ اس کا شکر ادا کرنے کے لیے انسانی زبان میں الفاظ موجود نہیں۔ شہزاد صاحب آج کل صاحبِ فراش ہیں۔ اس سے پہلے وہ نہایت سرگرمی کے ساتھ دعوت الی اللہ کا کام کرتے رہے ہیں۔ ہفتے میں ایک دن وہ باقاعدہ طور پر الرسالہ مطبوعات کو لوگوں تک پہنچانے میں صرف کرتے تھے۔ ایک مرتبہ وہ ایک ہندو ڈاکٹر کے یہاں گئے۔ وہ اُن سے مل کر ان کو ہمارے یہاں کا چھپا ہوا انگریزی لٹریچر دینا چاہتے تھے۔ کلینک کے کارکن نے اُن کو منع کر دیا۔ اس نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب بہت مصروف ہیں، آپ اُن سے مل نہیں سکتے۔ وہاں کا قاعدہ یہ تھا کہ مریض پہلے وزیٹنگ فیس کے طور پر سور وپے جمع کرواتا تھا۔ اس کے بعد وہ لائن میں کھڑا ہو کر ڈاکٹر تک پہنچتا تھا۔ شہزاد صاحب نے یہ کیا کہ وزیٹنگ فیس جمع کر کے وہ لائن میں کھڑے ہو گئے۔ جب ان کی باری آئی اور وہ ڈاکٹر تک پہنچے تو انھوں نے ڈاکٹر سے کہا کہ مجھے کوئی بیماری نہیں۔ میں صرف آپ کو یہ چند لٹریچر دینا چاہتا تھا۔ یہاں کے قاعدے کے مطابق، چوں کہ میں مریضوں کی لائن میں کھڑے ہوئے بغیر آپ تک نہیں پہنچ سکتا تھا. اس لیے میں نے یہ طریقہ اختیار کیا۔ یہ سن کر مذکورہ ہندو ڈاکٹر بہت متاثر ہوئے۔ انھوں نے خوشی سے لٹریچر لے لیا اور کہا کہ آئندہ آپ جب بھی چاہیں، پیشگی اپائمنٹ کے بغیر مجھ سے مل سکتے ہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of March 2009 All issues

Printed page