Al-Risala · January 2009 · page 38

مواقع کا استعمال

الرسالہ، جنوری ۲۰۰۹، صفحہ ۳۸

مواقع کا استعمال

مواقع (opportunities) کے استعمال کی دو صورتیں ہیں— ایک ہے اُن کا دانش مندانہ استعمال اور دوسرا ہے اُن کا غیر دانش مندانہ استعمال۔ مواقع کا دانش مندانہ استعمال کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ مواقع آدمی کے لیے ترقی کا ذریعہ بن جاتے ہیں۔ اس کے برعکس مواقع کا غیر دانش مندانہ استعمال ہمیشہ بربادی میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔

اس معاملے کی ایک مثال آزادی (freedom) ہے۔ موجودہ زمانے میں آزادی کی صورت میں ہر ایک کو عظیم مواقع کار حاصل ہوئے ہیں۔ مثلاً پریس کی آزادی، جلسہ جلوس کی آزادی وغیرہ۔ لوگوں نے ان مواقع کا بڑے پیمانے پر استعمال بھی کیا ہے، لیکن یہ استعمال ہر جگہ صرف نقصان میں اضافے کا ذریعہ ثابت ہوا ہے۔ ان مواقع کا جو تعمیری فائدہ ہے، وہ اب تک حاصل نہ کیا جاسکا۔ مثلاً پریس کو اب تک شکایت اور احتجاج (protest) کے لیے استعمال کیا گیا ہے، اُس کو تعمیر خویش کے لیے استعمال نہیں کیا گیا ۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ تمام لوگ منفی سوچ کا شکار ہو گئے۔ موجودہ زمانے میں مثبت سوچ موجود نہیں۔ اس کا سب سے بڑا سبب پریس کا یہی احتجاجی استعمال ہے۔ مواقع کا مثبت استعمال صرف وہ لوگ کر پاتے ہیں جو مواقع کے کم تر استعمال پر راضی ہو جائیں، یعنی مواقع جتنا زیادہ آگے بڑھنے کی اجازت دے رہے ہیں، اُس کے مقابلے میں پیچھے رہ کر اپنا کام کرنا۔ مواقع اگر آپ کو ہائی پروفائل (high profile) میں بولنے کی اجازت دے رہے ہیں تو آپ لو پروفائل (low profile) میں بولنے کی اجازت دے رہے ہیں تو آپ لو پروفائل (low profile) میں بولنے پر اپنے آپ کو راضی کر لیں ۔ مواقع اگر آپ کو دھوم مچا کر کام کرنے کی اجازت دے رہے ہیں تو آپ خاموشی کے ساتھ اپنا کام انجام دیں۔ مواقع اگر آپ کو غو غائی سیاست کی اجازت دے رہے ہوں تو آپ چپ کی سیاست اختیار کر لیں ۔ یہی اس دنیا میں کامیابی کا واحد راز ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 2009 All issues

Printed page