Al-Risala · September 2009 · page 16

پیغمبر امن

الرسالہ، ستمبر ۲۰۰۹، صفحہ ۱۶

ہو گئے اور آپ کے مشن کو مٹانا چاہا۔ انھوں نے بار بار جنگ چھیڑنے کی کوشش کی، مگر آپ ہمیشہ جنگ کو ٹالتے رہے۔ مختلف طریقوں سے آپ نے یہ کوشش کی کہ اپنے مخالفین سے آپ کی مُڈ بھیڑ نہ ہونے پائے۔ مخالفین نے 80 سے زیادہ بار آپ کو جنگ میں الجھانے کی کوشش کی، لیکن آپ نے ہمیشہ جنگ سے اعراض کی تدبیر اختیار کی۔ صرف تین بار ایسا ہوا کہ آپ کو محدود طور پر اپنے مخالفین سے دفاعی جنگ لڑنا پڑا— بدر، احد، حنین۔ 5۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ تعلیم دی کہ تم اپنے دشمن کے ساتھ جوابی سلوک نہ کرو، بلکہ یک طرفہ طور پر ان کے ساتھ اچھا سلوک کرو۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ تمھارا دشمن تمھارا دوست بن جائے گا (حم السجدہ: 34)۔ قرآن کی اس آیت کے ذریعہ آپ نے لوگوں کو یہ بتایا کہ ہر انسان خدا کا پیدا کیا ہوا ہے۔ کوئی انسان بظاہر دشمن نظر آئے تب بھی اس کو دشمن نہ سمجھو، بلکہ اس کو اپنا امکانی دوست (potential friend) سمجھو۔ لوگوں کے منفی رویہ کے مقابلے میں تم مثبت رویہ اختیار کرو۔ اس طرح انسان کے اندر کی فطرت جاگ اٹھے گی اور کل کا دشمن آج تمھارا دوست بن جائے گا۔ اس اصول کو اختیار کر کے آپ نے اپنے ہم عصر عربوں کو اپنا دوست بنالیا۔ آپ نے بتایا کہ ہر مشکل کے ساتھ ہمیشہ آسانی موجود رہتی ہے (ان مع العسر یسراً) یعنی خدا کی اس دنیا میں ہمیشہ ایسا ہوتا ہے کہ مسائل کے ساتھ مواقع (opportunities) موجود رہتے ہیں۔ تم مسائل کو نظر انداز کرو اور مواقع کو استعمال کرو۔ اس طرح تم کوئی نیا مسئلہ پیدا کیے بغیر کامیابی حاصل کرلو گے۔

آپ نے پر امن زندگی کا ایک کامیاب فارمولا ان الفاظ میں بیان کیا: أدو إليهم حقهم وسئلوا الله حقكم (لوگوں کو اُن کا حق دو اور اپنا حق خدا سے مانگو) یعنی لوگ تم سے جو کچھ چاہتے ہیں، اُس کو اُنھیں ادا کرو، اور تم اپنے لئے جو کچھ چاہتے ہو، اُس کو خدا کی دی ہوئی صلاحیت کے ذریعہ کوشش کر کے حاصل کرو۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہ تم رائٹ کانشس (right conscious) نہ بنو، بلکہ تم ڈیوٹی کانشس (duty conscious) بن جاؤ۔ یہ امن کا بہترین فارمولا ہے۔ جس سماج کے افراد اس طرح رہیں، وہ دوسروں کے لئے بے مسئلہ (no-problem) انسان بن کر اپنا مقصد حاصل کریں گے۔ اور جو لوگ اِس روش پر قائم ہو جائیں، اُن سے سماج کو صرف امن ہی امن ملے گا اور خیر ہی خیر کا تجربہ ہوگا۔

‹ Previous page Next page › Contents of September 2009 All issues

Printed page