Al-Risala · February 2009 · page 2

قبر کا سفر

الرسالہ، فروری ۲۰۰۹، صفحہ ۲

قبر کا سفر

اٹلی میں ویٹکن (Vatican) کی سرپرستی میں ایک مسیحی تنظیم قائم ہے۔ اس کا نام کمیونٹی آف سینٹ ایجی ڈیو(Community of St. Egidio) ہے۔ وہ 1968 میں قائم ہوئی۔ اُن کی طرف سے مجھ کو دعوت نامہ ملا۔ اس میں مجھ کو ایک انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ یہ کانفرنس قبرص (Cyprus) میں 18-16 نومبر 2008 کو ہوئی ۔ یہ کانفرنس کمیونٹی آف سینٹ ایجی ڈیو اور سائپرس چرچ (Church of Cyprus) کے مشترکہ تعاون سے کی گئی۔

اس سے پہلے اگست 2008 میں اس تنظیم کے ارکان پر مشتمل 20 افراد کا ایک وفد دہلی آیا تھا۔ وہ لوگ ہمارے مرکز میں بھی آئے اور ان سے اسلام اور امن کے موضوع پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اُن میں سے ہر ایک کو اسلامی لٹریچر دیا گیا۔ دعوت نامے کے بعد بار بار ای میل اور ٹیلی فون پر ان کے پیغامات ملتے رہے۔ تاہم میں فیصلہ نہیں کر پا تا تھا کہ مجھ کو وہاں جانا چاہیے، یا نہیں ۔ آخر کار ایک واقعہ پیش آیا۔ اس کے بعد میں نے وہاں جانے کا فیصلہ کر لیا۔

مجھ کو مختصر طور پر معلوم تھا کہ قبرص (Cyprus) میں ایک صحابیہ کی قبر ہے، لیکن اس کی تفصیل میرے ذہن میں نہ تھی۔ مثلاً حیاۃ الصحابہ میں اُم حرام بنت ملحان کے تذکرہ کے تحت حاشیہ میں یہ مختصر جملہ میں نے پڑھا تھا: دُفنت أمّ حرام بنت ملحان في قُبْرص، ويسمى قبرها هناك "قبر المرأة الصالحة" (جلد 1، صفحہ (592) ۔ میرے ایک ساتھی کو اس کا علم ہوا تو انھوں نے اس صحابیہ کے بارے میں تاریخی تفصیل انٹرنیٹ کے ذریعہ فراہم کردی ۔ اس میں صحابیہ کے اُس مقبرے کی تصویر بھی شامل تھی جو بحر متوسط (Mediterranean Sea) کے ساحل پر واقع ہے۔ فطری طور پر میرے اندر یہ خواہش پیدا ہوئی کہ میں قبرص کا سفر کروں اور صحابیہ کی قبر کو دیکھوں ۔ چناں چہ کانفرنس کے منتظمین کو کنفرمیشن کی اطلاع دے دی گئی۔ میرا یہ سفر ایک قافلے کی صورت میں ہوا۔ میرے ساتھ اس سفر میں میرے دو رفیق بھی شامل تھے مولانا محمد ذکوان ندوی ، مسٹر رجت ملہوترا ۔

‹ Previous page Next page › Contents of February 2009 All issues

Printed page