عقل کی اہمیت
الرسالہ، ستمبر ۲۰۱۰، صفحہ ۳۶
عقل کی اہمیت
کوئی کھیل کھیلا جاتا ہے تو بظاہر اُس میں بہت سی چیزیں شامل رہتی ہیں، لیکن اس میں سب سے بڑا حصہ انسانی دماغ (human mind) کا ہوتا ہے۔ اِسی لیے کہا جاتا ہے کہ ـــ نوے فی صد کھیل دماغ میں کھیلا جاتا ہے:
Ninety percent of the game is played in the mind. یہ معاملہ صرف کھیل کا نہیں ہے، بلکہ یہی زندگی کے تمام امور کا معاملہ ہے۔ جب آپ سوئی کے ناکے میں دھاگا ڈالتے ہیں، تو بظاہر آپ اپنے ہاتھ سے ایسا کرتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس عمل میں سارا حصہ دماغ کا ہوتا ہے۔ جب ایک انجینئر ایک مشین بناتا ہے تو بظاہر وہ اپنے اعضا کے ذریعے وہ کام انجام دیتا ہے، لیکن اپنی حیثیت کے اعتبار سے یہ دماغ کا ایک فعل ہوتا ہے۔ جب آپ ایک کاغذ لے کر اس پر کچھ لکھتے ہیں تو بظاہر آپ قلم کے ذریعے لکھتے ہیں، لیکن یہاں بھی سب کچھ آپ کا دماغ انجام دیتا ہے، وغیرہ۔
یہی وجہ ہے کہ زندگی کی تعمیر میں سب سے بڑا دخل دماغ کا ہوتا ہے۔ لیکن دماغ پیدائشی طور پر تیار شدہ (prepared) حالت میں انسان کو نہیں ملتا۔ انسان کو اسے بنانا پڑتا ہے۔ کتابوں کا مطالعہ، واقعات سے تجربہ حاصل کرنا، آس پاس کی دنیا کا مشاہدہ، لوگوں سے تبادلہ خیال (exchange) کر کے سیکھنا، اسفار کے ذریعے نئی نئی معلومات حاصل کرنا، تدبر اور تفکر سے کام لینا، وغیرہ۔ یہ وہ چیزیں ہیں جو آدمی کے دماغ کو مسلسل تربیت دیتی ہیں، وہ پیدا ہونے والے دماغ کو ایک تیار شدہ (prepared) دماغ بناتی ہیں، وہ سادہ دماغ کو اعلیٰ دماغ بنا دیتی ہیں۔
اسی کے ساتھ ایک اور عمل بے حد ضروری ہے۔ وہ محاسبہ (introspection) کا عمل ہے۔ آدمی کو چاہئے کہ وہ مسلسل اپنا محاسبہ کرتا رہے، وہ اپنے ہر قول و فعل پر محاسبہ کرے۔ یہی وہ عمل ہے جو انسانی دماغ کو حقیقی طور پر وہ دماغ بناتا ہے جو مقابلہ اور چیلنج کی دنیا میں انسان کو درکار ہے۔
‹ Previous page Next page › Contents of September 2010 All issues