نادانی کی چھلانگ
الرسالہ، دسمبر ۲۰۱۰، صفحہ ۳۶
نادانی کی چھلانگ
19 فروری 2010 کے اخبارات میں ایک انوکھی خبر تھی ۔ خبر کے مطابق ، امریکہ کے ایک 53 سالہ شخص جوزیف (Joseph Andrew Stack) نے امریکا کے شہر آسٹن (Texas) میں اپنا چھوٹا جہاز اڑایا اور اس کو لے جا کر فیڈرل ٹیکس آفس (federal tax office) کی سات منزلہ بلڈنگ کے دوسرے فلور سے ٹکرا دیا۔ اس کے بعد جو واقعہ ہوا ، اس کو بلڈنگ کے ایک شخص نے ان الفاظ میں بیان کیا:
It was almost like an earthquake.
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ امریکی شخص نے جس جہاز کو بلڈنگ سے ٹکرا کر خودکشی کی ، وہ کوئی مسافر بردار جہاز نہ تھا ، بلکہ وہ اُس کا اپنا ذاتی جہاز تھا:
The plane belonged to Joseph Andrew Stack. (The Guardian, February. 18, 2010)
جس امریکی شخص نے خودکشی کی ، وہ کوئی غریب آدمی نہ تھا۔ اس کے پاس اپنا ذاتی جہاز تھا ، اور اسی کی نسبت سے یقینی طور پر دوسری بہت سی چیزیں اس کو ملی ہوئی تھیں۔ اس کے باوجود اس نے کیوں خودکشی کر لی ۔ اس کا سبب یہ تھا کہ اُس کو موت سے پہلے کے مسئلے کی خبر تھی ، لیکن اُس کو موت کے بعد کے مسئلے کی خبر نہ تھی۔ اگر وہ اس حقیقت کو جانتا تو وہ ہرگز خودکشی نہ کرتا۔ کہا جاتا ہے کہ مذکورہ امریکی شخص ٹیکس کے مسائل سے پریشان تھا اور اس بنا پر اس نے خودکشی کر لی ۔ لیکن ٹیکس کا مسئلہ بہر حال ایک چھوٹا مسئلہ تھا ، جب کہ خودکشی کے بعد پیش آنے والا مسئلہ یقینی طور پر اس کے لیے ایک بڑے مسئلے کی حیثیت رکھتا ہے۔ اگر وہ اس حقیقت کو جانتا تو وہ کبھی ایسا نہ کرتا کہ ایک چھوٹے مسئلے سے گھبرا کر بڑے مسئلے کی طرف چھلانگ لگا دے۔ یہی نادانی آج تمام لوگ کر رہے ہیں ، کوئی ایک صورت میں کر رہا ہے اور کوئی دوسری صورت میں۔
‹ Previous page Next page › Contents of December 2010 All issues