قرآن فاتح عالم
الرسالہ، مارچ ۲۰۱۱، صفحہ ۱۱
قرآن فاتح عالم
خلیفہ ثانی عمر فاروق کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: إن اللہ يرفع بهٰذا القرآن أقواما ويضع به آخرين (الدارمی، رقم الحدیث: 3365) یعنی اللہ اس قرآن کے ذریعے ایک قوم کو اٹھاتا ہے اور اُسی کے ذریعے وہ دوسری قوم کو گرا تا ہے۔ یہ اصول امت مسلمہ کی ابتدائی تاریخ میں پوری طرح ایک واقعہ بن چکا ہے۔ مورخین نے عام طور پر اس حقیقت کا اعتراف کیا ہے۔ مثال کے طور پر پروفیسر فلپ ہٹی (وفات: 1978) نے اپنی کتاب تاریخ عرب (The History of the Arabs) میں تیرھویں صدی عیسوی میں تاتاری قبائل کے قبولِ اسلام کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ۔ مسلمانوں کے مذہب نے وہاں فتح حاصل کر لی، جہاں اُن کی تلوار نا کام ہو چکی تھی: The religion of Muslims has conquered, where their arms had failed. قرآن ایک آئیڈیالوجی کی کتاب (book of ideology) ہے۔ اس کے مقابلے میں تلوار مادی طاقت کی علامت ہے، اور یہ ایک حقیقت ہے کہ تلوار کے مقابلے میں قرآن زیادہ طاقت ور ہے۔ تلوار کی فتح، مفتوح کے خاتمہ کی قیمت پر ہوتی ہے، جب کہ قرآن آدمی کے دل و دماغ کو مسخر کر کے اس کو آپ کا ساتھی بنا دیتا ہے۔ تلوار کی فتح صرف میدانِ جنگ کی فتح ہے، اور قرآن کی فتح خود انسان کی فتح ، اور جب انسان فتح ہو جائے تو گویا سب کچھ فتح ہو گیا۔
قرآن ، خدا کا محفوظ ہدایت نامہ ہے۔ قرآن آدمی کی فطرت کو ایڈریس کرتا ہے۔ قرآن آدمی کی تلاش کا جواب ہے۔ قرآن آدمی کو دنیا اور آخرت کی کامیابی کا راز بتاتا ہے۔ مزید یہ کہ قرآن صرف ایک نظریاتی کتاب نہیں، بلکہ اس کی پشت پر ایک واقعاتی تاریخ موجود ہے جو اس کی تسخیری طاقت کی تصدیق کرتی ہے۔ قرآن نظریہ بھی ہے اور تاریخ بھی۔ ان باتوں نے قرآن کو ابدی طور پر ایک نا قابل تسخیر کتاب بنا دیا ہے۔ جو لوگ قرآن کی دعوت کو لے کر اٹھیں، اُن کے لیے کسی اور طاقت کی ضرورت نہیں۔ قرآن اپنے آپ میں اُن کی تمام دعوتی ضرورتوں کی تکمیل کے لیے کافی ہے۔ قرآن فاتح انسان بھی ہے اور فاتح عالم بھی۔
‹ Previous page Next page › Contents of March 2011 All issues