Al-Risala · May 2011 · page 2

نماز کے فائدے

الرسالہ، مئی ۲۰۱۱، صفحہ ۲

نماز کے فائدے

ایک صاحب نے کہا کہ قرآن کے مطابق، حقیقی نماز وہ ہے جو خشوع (spirit) کے ساتھ ادا کی جائے (21:1)۔ میرے جیسے آدمی کو اکثر خشوع والی نماز حاصل نہیں ہوتی، پھر نماز پڑھنے سے کیا فائدہ۔ میں نے کہا کہ جس طرح خشوع والی نماز کا فائدہ ہے، اسی طرح بے خشوع والی نماز کا بھی فائدہ ہے۔ دونوں ہی یکساں طور پر مطلوب ہیں۔

آدمی اگر خشوع والی نماز پڑھے تو اس کو ایک اطمینان حاصل ہوگا۔ وہ خشوع والی نماز (worship with spirit) کا درجہ حاصل کرے گا۔ اس کے مقابلے میں، اگر کوئی شخص خشوع کے بغیر نماز ادا کرتا ہے، تب بھی اس کا ایک عظیم فائدہ ہے، وہ یہ کہ وہ یہ محسوس کرے گا کہ اس کی نماز بے خشوع کی نماز (worship without spirit) تھی۔ ایسی نماز بھی فائدے سے خالی نہیں۔

حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ احساس کہ میں دین کے تقاضوں کو پورا کرنے میں ناکام رہا، یہ اپنے آپ میں ایک مطلوب احساس ہے۔ آدمی کا احساس اگر یہ ہو کہ میں نے دین کے تقاضے پورے کردئے، تو اندیشہ ہے کہ اس کے اندر عُجب (pride) کا جذبہ پیدا ہو جائے، جو اس کی دین داری کو باطل کر دے۔ اس کے برعکس، یہ احساس کہ میں نے بظاہر دین کے تقاضے تو پورے کئے، لیکن میرے اندر مطلوب اسپرٹ موجود نہ تھی۔ یہ احساس آدمی کے اندر عجز اور تواضع (modesty) کی کیفیت پیدا کرے گا، اور یہ ثابت ہے کہ عجز اور تواضع اپنے آپ میں ایک اعلیٰ ایمانی حالت ہے۔ عُجب کا احساس مواخذے کا سبب بن سکتا ہے، لیکن عجز و تواضع ہر حال میں آدمی کو اجر کا مستحق بناتا ہے۔ مزید یہ کہ پانچ وقت کی نماز آدمی کے لیے ایک ریمائنڈر (reminder) کی حیثیت رکھتی ہے۔ نماز ادا کرنے کے بعد آدمی اپنے اس احساس کو تازہ کرتا ہے کہ میں اللہ کا بندہ ہوں اور مجھے اللہ کا فرماں بردار بن کر دنیا میں رہنا ہے۔ نماز اسی قسم کی پانچ وقتہ عملی یاد دہانی ہے۔ نماز قادر مطلق خدا کے مقابلے میں، اپنے عجزِ تام کا علامتی اعتراف (symbolic acknowledgement) ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 2011 All issues

Printed page