Al-Risala · November 2011 · page 33

راستہ بند ہے

الرسالہ، نومبر ۲۰۱۱، صفحہ ۳۳

راستہ بند ہے

ایک مرتبہ میں بذریعہ روڈ سفر کر رہا تھا۔ ہماری گاڑی تیز چلتی ہوئی ایک مقام پر پہنچی تو وہاں سڑک کے بیچ میں ایک بورڈ لگا ہوا تھا ۔ راستہ بند ہے :

Road Closed

ہماری گاڑی اچانک رک گئی ۔ ڈرائیور نے نہایت اطمینان کے ساتھ کہا کہ راستہ آگے کی طرف بند ہے، لیکن پیچھے کی طرف تو راستہ کھلا ہوا ہے۔ ڈرائیور نے صورتِ حال کے خلاف، شکایت یا احتجاج میں ایک منٹ بھی ضائع نہیں کیا۔ اس نے فوراً گاڑی کو موڑا اور دوبارہ پیچھے کی طرف سفر کرنا شروع کر دیا۔ کچھ دور چلنے کے بعد ایک اور سڑک مل گئی۔ ڈرائیور گاڑی کو اس روڈ پر لے آیا۔ اب ہماری گاڑی دوبارہ تیزی کے ساتھ آگے کی طرف دوڑنے لگی۔ یہاں تک کہ ہم لوگ اپنی منزل پر پہنچ گئے ۔

یہی زندگی کے سفر کا معاملہ ہے ۔ زندگی کے سفر میں بار بار ایسا ہوتا ہے کہ کسی مقام پر ایسی رکاوٹ پیش آجاتی ہے، جب کہ آگے کے لیے ہموار سفر ممکن نہیں ہوتا۔ ایسے موقع پر درست طریقہ صرف ایک ہوتا ہے، وہ یہ کہ آدمی آگے بڑھنے کے لیے اصرار نہ کرے، بلکہ وہ پیچھے کی طرف لوٹ جائے۔ وہ اس واپسی کو مزید تیاری کے لیے استعمال کرے ۔

There is always room at the top.

یہی معاملہ انسانی سفر کا بھی ہے۔ انسانی سفر میں بھی ایسا ہی ہوتا ہے کہ پیچھے کی طرف راستہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے:

There is always a way back.

اس طرح ہر لمحہ فرد یا قوم کی دانش مندی کا امتحان ہوتا ہے۔ جو لوگ اس دانش مندی میں پورے اتریں، وہی لوگ اس دنیا میں بڑی کامیابی حاصل کریں گے ۔

‹ Previous page Next page › Contents of November 2011 All issues

Printed page