آخرت کے سوال
الرسالہ، جولائی ۲۰۱۳
آخرت کے سوال
قرآن میں بتایا گیا ہے کہ قیامت میں جب تمام لوگ حشر کے میدان میں جمع ہوں گے، اُس وقت اُن لوگوں کو کھڑا کیا جائے گا جن لوگوں نے دنیا میں اللہ کے دین کی گواہی دی تھی: يَوْمَ يَقُومُ الْأَشْهَادُ (40:51) یہ اللہ کے سامنے پیشی کا دن ہوگا۔ اُس دن لوگوں سے یہ نہیں پوچھا جائے گا کہ کس نے اپنے مفروضہ دشمنوں کے خلاف جنگ کی، کس نے ان کے خلاف گن کلچر چلایا، کس نے ان کے خلاف خودکش بم باری کی، کس نے اپنے مفروضہ دشمنوں کے خلاف کتنی نفرت کی۔ اُس دن یہ بھی نہیں پوچھا جائے گا کہ کس نے اسلامی نظام کے نام پر قیادت کے ہنگامے کھڑے کئے، کس نے کتنا زیادہ سوشل ورک کیا، کس نے مسلم ایمپاورمینٹ کا کام کتنا انجام دیا، کس نے ملی محاذ پر سرگرمیاں دکھائیں، کس نے اسلام کے نام پر کتنی زیادہ بلڈنگیں کھڑی کیں، کس نے مسجدوں میں اونچے اونچے مینار بنائے، کس نے تحفظِ اسلام کے نام پر بڑے بڑے جلوس نکالے، وغیرہ۔ قیامت کے دن جب اللہ اور اس کے فرشتے لوگوں کے سامنے ظاہر ہو جائیں گے، اُس وقت صرف ایک ہی سوال ہوگا، وہ یہ کہ وہ کون ہے جس نے قوموں کے سامنے انذار و تبشیر کا کام انجام دیا۔ کس نے خدا کا پیغام کو لوگوں تک پہنچایا، کس نے خدا کے تخلیقی منصوبے سے لوگوں کو آگاہ کیا۔
قرآن میں بتایا گیا ہے کہ امت محمدی کا اصل کام یہ ہے کہ وہ ختم نبوت کے بعد خدا کے پیغام کو سارے انسانوں تک اُسی طرح پہنچائے جس طرح اس سے پہلے نبیوں نے پہنچایا۔ یہی وہ معیار ہے جس پر قیامت کے دن لوگوں کو جانچا جائے گا۔ جو لوگ اس معیار پر پورے اتریں گے، وہ حقیقی معنوں میں اللہ کے یہاں امت محمدی قرار پائیں گے۔ اور جو لوگ اس معیار پر پورے نہ اتریں، اُن کے لیے سخت اندیشہ ہے کہ جب قیامت کے دن وہ حشر کے میدان میں حاضر ہوں تو اُن کے بارے میں یہ اعلان کر دیا جائے کہ تم اس قابل نہیں کہ تم کو امت محمدی کا حصہ قرار دیا جائے۔ تم دنیا میں خدا کے بتائے ہوئے راستے سے دور تھے، اب تمھارے لیے یہی مقدر ہے کہ تم ہمیشہ کے لیے خدا کی رحمتوں سے دور رہو، تمھارے لیے خدا کی رحمتوں میں حصہ پانا مقدر نہیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of July 2013 All issues