Al-Risala · July 2013 · page

قرآن کی تلاوت

الرسالہ، جولائی ۲۰۱۳

قرآن کی تلاوت

قرآن کی تلاوت صرف ثواب کے لیے نہیں ہے، بلکہ قرآن کی تلاوت کا مقصد یہ ہے کہ قرآن کے ذریعے اللہ کی ہدایت حاصل کی جائے۔ قرآن کتاب ہدایت ہے اور قرآن کے ذریعے ہدایت حاصل کرنا یہی وہ اصل مقصد ہے جس کے لیے قرآن کی تلاوت کرنا چاہیے۔

اس مقصد کو حاصل کرنے کا طریقہ کیا ہے، اس کا طریقہ یہ ہے کہ آپ جب قرآن کو پڑھیں تو اس کی ہر آیت کو آپ اپنی ذات پر منطبق (apply) کریں، اس کی ہر آیت کو آپ اپنی ذات کے لیے عملی رہنما بنائیں۔ مثلاً آپ نے قرآن میں یہ آیت پڑھی: لَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنْسَانَ فِي أَحْسَنِ تَقْوِيمٍ (95:4) تو اس آیت کی روشنی میں آپ خود اپنے وجود پر غور کریں۔ آپ یہ دریافت کریں کہ آپ کا پورا وجود ایک انوکھی شخصیت (unique personality) ہے۔ بال اور ناخن سے لے کر دماغ تک، آپ کے جسم کی ہر چیز انتہائی حد تک با معنی ہے۔

اپنے وجود کے بارے میں آپ یہ دریافت صرف ایک دن نہ کریں، بلکہ ہر دن کریں ۔ جب آپ ایسا کریں گے تو آپ کے اندر وہ چیز پیدا ہوگی جس کو تھرلنگ معرفت (thrilling realization) کہا جا سکتا ہے۔

اسی طرح جب آپ قرآن میں یہ آیت پڑھیں: إِنِّي أُمِرْتُ أَنْ أَكُونَ أَوَّلَ مَنْ أَسْلَمَ (6:14) تو اس آیت کو آپ اپنے اوپر منطبق کریں۔ آپ یہ سوچیں کہ دعوت الی اللہ کے کام کے لیے سب سے پہلے مجھے یہ کرنا ہے کہ میں اپنے آپ کو داعی کی حیثیت سے تیار کروں، میں اپنی سوچ اور اپنے برتاؤ کے اعتبار سے اپنے اندر داعیانہ شخصیت پیدا کروں اور پھر ہر دن اس اعتبار سے، اپنا محاسبہ کرتا رہوں۔ یہی قرآن کی تلاوت کا صحیح طریقہ ہے اور یہی وہ تلاوت ہے جس کو قرآن میں حق تلاوت (2:121) کہا گیا ہے۔ یہی وہ تلاوت ہے جس کے ذریعے آدمی کے اندر مطلوب ربانی شخصیت پیدا ہوتی ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 2013 All issues

Printed page