Al-Risala · February 2013 · page

اتمامِ نور

الرسالہ، فروری ۲۰۱۳

اتمامِ نور

قرآن کی سورہ التحریم کی ایک آیت میں اہل ایمان کی بابت یہ الفاظ آئے ہیں: يَومَ لا يُخزى اللهُ النَّبِيَّ وَالَّذِينَ آمَنُوا مَعَهُ نُورُهُم يَسْعَى بَيْنَ أَيْدِيهِمْ وَبِأَيْمَانِهِمْ يَقُولُونَ رَبَّنَا أَتْمِمْ لَنَا نُورَنَا وَاغْفِرْ لَنَا إِنَّكَ عَلى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ (66:8) یعنی جس دن خدا، پیغمبر کو اور اس کے ساتھ ایمان لانے والوں کو رسوا نہیں کرے گا۔ اُن کا نور اُن کے آگے اور ان کے دائیں طرف دوڑ رہا ہوگا۔ وہ کہہ رہے ہوں گے کہ اے ہمارے رب، تو ہمارے لیے ہمارے نور کو کامل کردے اور ہماری مغفرت فرما۔ بے شک تو ہر چیز پر قادر ہے۔

قرآن کی اس آیت میں نور سے مراد کوئی خارجی نور نہیں ہے، بلکہ اس سے مراد خود صاحبِ ایمان کی منور شخصیت (radiant personality) ہے۔ اسی طرح اتمام نور سے مراد کوئی خارجی نوعیت کا اتمام نور نہیں ہے، بلکہ وہ ایک ایسا واقعہ ہے جو خود صاحبِ ایمان کی اپنی شخصیت کے اندر پیش آئے گا۔ اُن کا نور ان کے دائیں اور ان کے آگے دوڑ رہا ہوگا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ان کی منور شخصیت اتنی زیادہ نمایاں ہوگی کہ وہ لوگوں کو دور سے دکھائی دے گی۔ سچا مومن جب کوئی عمل کرتا ہے تو اس کے عمل کا خارجی پہلو اس دنیا میں لوگوں کو نظر آجاتا ہے، لیکن اس کے عمل کا باطنی پہلو دکھائی نہیں دیتا۔ سچے اہل ایمان کے عمل کا یہ چھپا ہوا پہلو آخرت میں عیا ناً ظاہر ہو جائے گا۔ اسی حقیقت کو قرآن میں، نور کے دوڑنے سے تعبیر کیا گیا ہے۔ اتمامِ نور کا مطلب یہ ہے کہ خدا یا، جس طرح دنیا میں ہمارے عمل کا خارجی پہلو ظاہر ہوا تھا، اُسی طرح تو ہمارے عمل کے داخلی پہلو کو بھی ظاہر کردے۔ مثال کے طور پر قرآن میں اہل ایمان کے لیے آیا ہے کہ: الَّذِينَ يُؤْتُونَ مَا آتَوْا وَقُلُوبُهُمْ وَجِلَةٌ (23:60) - اس آیت میں جس مومنانہ کردار کا ذکر ہے، اُس میں دیکھنے والوں کو صرف یہ نظر آئے گا کہ اُس نے مال کا ایک حصہ کسی کو دیا، لیکن اس کے عمل کا دوسرا پہلو کہ اُس وقت اُس کا دل خوفِ خدا کی کس کیفیت سے بھرا ہوا تھا، اُس کو دنیا میں کسی دیکھنے والے نے نہیں دیکھا۔ آخرت میں یہ ہوگا کہ ایسا مومن اپنی شخصیت کے دونوں پہلوؤں کے ساتھ نمایاں ہو جائے گا۔

‹ Previous page Next page › Contents of February 2013 All issues

Printed page