Al-Risala · March 2014 · page 52

حق کا اعتراف نہ کرنا

الرسالہ، مارچ ۲۰۱۴، صفحہ ۵۲

حق کا اعتراف نہ کرنا

قرآن کی سورہ الجاثیہ کی ایک آیت یہ ہے : وَاٰتَيْنٰهُمْ بَيِّنٰتٍ مِّنَ الْاَمْرِ فَمَا اخْتَلَفُوۡۤا اِلَّا مِنْ بَعْدِ مَا جَآءَهُمُ الْعِلْمُ بَغْيًا بَيْنَهُمْ اِنَّ رَبَّكَ يَقْضِىۡ بَیْنَہُمْ يَوْمَ الْقِيٰمَةِ فِيمَا كَانُوْا فِيْهِ يَخْتَلِفُوْنَ (45:17) یعنی ہم نے ان کو امر دین کے بارے میں کھلی دلیلیں دیں، پھر انھوں نے اختلاف نہیں کیا، مگر اس کے بعد کہ اُن کے پاس علم آچکا تھا، آپس کی ضد کی وجہ سے۔ بے شک تیرا رب قیامت کے دن اُن کے درمیان فیصلہ کر دے گا، اُن چیزوں کے بارے میں جن میں وہ باہم اختلاف کرتے تھے۔

قرآن کی اس آیت میں پچھلے پیغمبروں کا ذکر ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ ان پیغمبروں کے مخاطبین نے ہمیشہ منفی رسپانس دیا۔ یہ مخاطبین کون تھے ۔ یہ سب پچھلے پیغمبروں کی امت تھے۔ ہر آنے والا نبی کسی نہ کسی سابق پیغمبر کی امت میں آیا۔ مثلاً حضرت نوح امت آدم میں آئے۔ حضرت ابراہیم امت نوح میں آئے۔ حضرت موسیٰ امت اسرائیل میں آئے۔ حضرت مسیح امت موسیٰ میں آئے۔ حضرت محمد امت ابراہیم میں آئے۔ وغیرہ۔ ہر بعد کو آنے والے نبی نے پچھلے نبی کی اصل ہدایت کو زندہ کرنا چاہا، مگر ہمیشہ ایسا ہوا کہ لوگوں کی اکثریت پیغمبر کی دعوت کا مثبت رسپانس دینے سے عاجز رہی۔ علم آنے کے باوجود لوگوں نے اختلاف کیا۔ اس آیت میں علم سے مراد وہ ہدایت ہے جو بعد کے پیغمبر کے ذریعے انھیں پہنچی تھی۔ اُن کے انکار کا سبب بغی تھا۔ بغی کا لفظی مطلب ہے: انحراف (transgression)۔ ہر نبی کی امت کی بعد کی نسلوں میں ابتدائی دین سے انحراف پیدا ہوتا ہے۔ اس کے بعد مزید ایسا ہوتا ہے کہ علما اور رہنما اپنی اپنی ریاست (leadership) قائم کرنے کے لیے مزید انحرافات کرتے ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ امت بہت سے فرقوں میں بٹ جاتی ہے۔ یہ تمام لوگ نئے پیغمبر کی بات کو ماننے سے انکار کر دیتے ہیں۔ اس انکار کا سبب یہ ہوتا ہے کہ ہر ایک یہ محسوس کرتا ہے کہ اگروہ نبی کی بات مانے تو اس کو اپنے خود ساختہ مذہب کے غلط ہونے کا اعتراف کرنا پڑے گا۔

‹ Previous page Next page › Contents of March 2014 All issues

Printed page