مقبولیت کا معیار
الرسالہ، اپریل ۲۰۱۴، صفحہ ۱۳
مقبولیت کا معیار
قرآن کی سورہ المائدہ میں یہود کو خطاب کرتے ہوئے ارشاد ہوا ہے: وَقَالَتِ الْيَهُودُ وَالنَّصْرَى نَحْنُ ابْنَؤُا اللَّهِ وَأَحِبَّاؤُهُ قُلْ فَلِمَ يُعَذِّبُكُم بِذُنُوبِكُم بَلْ أَنتُم بَشَرٌ مِّمَّنْ خَلَقَ (5:18) یعنی یہود ونصاری کہتے ہیں کہ ہم خدا کے بیٹے اور اس کے محبوب ہیں۔ تم کہو کہ پھر خدا تمھارے گناہوں پر تم کو سزا کیوں دیتا ہے۔ نہیں، بلکہ تم بھی اس کی پیدا کی ہوئی مخلوق میں سے ایک بشر ہو۔ قرآن کی اس آیت میں عذاب کا لفظ آسمانی عذاب کے معنی میں نہیں ہے، بلکہ وہ یہود کے ساتھ غیر یہودی قوموں کی طرف سے پیش آنے والے’’مظالم‘‘ کے بارے میں ہے۔ اس نوعیت کی دو مثالیں سورہ بنی اسرائیل میں مذکور ہیں۔ (ملاحظہ ہو: 7: 4-17)۔
سورہ المائدہ کی مذکورہ آیت میں یہود کے حوالے سے ایک خدائی قانون کو بتایا گیا ہے۔ اس قانون کا تعلق جس طرح امت یہود سے تھا، اُسی طرح اس کا تعلق بعد کی امت سے بھی ہوگا۔ اس قانون کے معاملے میں کسی امت کا کوئی استثنا نہیں۔
اس قانون الہی کو موجودہ زمانے کے مسلمانوں پر منطبق کیجئے۔ موجودہ زمانے کے مسلمان تقریباً دو سوسال سے اُس سیاست کو اختیار کیے ہوئے ہیں جس کو احتجاجی سیاست کہا جا سکتا ہے۔ اُن کو شکایت ہے کہ دوسری قومیں ان کے خلاف ظلم کر رہی ہیں۔
ان’’ظالموں‘‘کے خلاف مسلمان مسلسل جہاد کر رہے ہیں۔ مگر نتیجہ (result)کے اعتبار سے دیکھئے تو موجودہ مسلمانوں کا یہ منفی جہاد مکمل طور پر ناکام ہے۔ اُن کی بد دعائیں قبول نہیں ہوئیں، اُن کے ہتھیار موثر ثابت نہیں ہوئے، اُن کی جانی اور مالی قربانیاں حبط اعمال کا شکار ہوگئیں۔ قرآن کی مذکورہ آیت میں جو معیار بتایا گیا ہے، اس کی روشنی میں دیکھئے تو یہ کوئی سادہ بات نہیں۔ وہ اس بات کی علامت ہے کہ موجودہ زمانے کے مسلمانوں کو اللہ کی نصرت حاصل نہیں ہوئی، اور یہ ایک حقیقت ہے کہ اللہ کی نصرت کے بغیر اس دنیا میں کسی شخص یا گروہ کو کامیابی ملنے والی نہیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of April 2014 All issues