سبق کی اہمیت
الرسالہ، ستمبر ۲۰۱۴، صفحہ ۲۰
سبق کی اہمیت
ولیم ہنری بل گیٹس (William Henry Bill Gates III, b. 1955) مشہور امریکی دولت مند ہے۔ اس نے اپنی زندگی کے تجربات کی روشنی میں کہا کہ اپنی خوشی کا جشن منانا اچھا ہے، مگر اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ آپ اپنی نا کامی سے سبق سیکھیں : It is fine to celebrate success, but it is more important to کاميابی کا جشن منانا صرف پائے ہوئے کو لے کر اُس پر خوش ہونا ہے۔ اس کے برعکس، جب آپ اپنی نا کامی پر غور کر کے اُس سے سبق حاصل کریں تو اس سے آپ کو بہت سے نئے فائدے حاصل ہوتے ہیں۔ مثلاً ذہنی ارتقا (intellectual development)، مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے زیادہ کارگر اصول کی دریافت، تخلیقی فکر (creative thinking) میں اضافہ، وغیرہ۔ ناکامی کو عام طور پر لوگ منفی معنی میں لیتے ہیں ، مگر ناکامی میں ہمیشہ کوئی مثبت پہلو چھپا ہوا ہوتا ہے۔ وہ یہ کہ ہر نا کامی آپ کے لیے ایک یاددہانی (reminder) ہے۔ ناکامی کے واقعے کو اگر معتدل ذہن کے ساتھ لیا جائے تو آدمی ناکامی کا واقعہ پیش آنے کے بعد مایوس نہیں ہوگا۔ بلکہ وہ اُس پر غور کرے گا کہ اس کے منصوبے میں کہاں غلطی ہوگئی۔ اس طرح کی سوچ آدمی کو اس کی غلطی سے باخبر کرے گی۔ اس طرح وہ اس قابل ہو جائے گا کہ اپنی اگلی منصوبہ بندی زیادہ درست طور پر کرے اور زیادہ صحیح طریقہ اختیار کر کے ماضی کی نا کامی کو مستقبل کی کامیابی میں تبدیل کر دے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہر منفی تجربے میں ایک مثبت پہلو موجود ہوتا ہے۔ اس مثبت پہلو کو دریافت کیجئے اور پھر آپ کبھی مایوسی کا شکار نہیں ہوں گے۔ زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت، اس بات کی ہے کہ آدمی سبق لینا سیکھے۔ آدمی کو ذہنی طور پر اتنا زیادہ تیار ہونا چاہئے کہ جب کوئی صورت حال اُس کے سامنے آئے تو وہ فوراً اُس کے اندر چھپے ہوئے سبق کے پہلو کو دریافت کر لے۔
‹ Previous page Next page › Contents of September 2014 All issues