سکینہ، فتح
الرسالہ، اکتوبر ۲۰۱۴، صفحہ ۲۵
سکینہ، فتح
قرآن کی سورہ الفتح میں زمانہ رسالت کے اُس واقعے کا ذکر ہے جس کو معاہدہ حدیبیہ کہا جاتا ہے۔ اِس معاہدے کے وقت رسول اور اصحابِ رسول کو حدیبیہ سے بظاہر ناکام لوٹنا پڑا تھا۔ لیکن اِس معاہدے کے بعد یہ ہوا کہ رسول اور اصحابِ رسول صرف دو سال کے اندر دوبارہ فاتحانہ انداز میں مکہ میں داخل ہوئے۔
ظاہری حالات کے اعتبار سے اصحابِ رسول بوقتِ معاہدہ سخت پریشان تھے۔ اِس وقت قرآن میں یہ آیت اتری: فَجَعَلَ مِنْ دُونِ ذَلِكَ فَتْحًا قَرِيبًا (48:27)۔ قرآن کی اِس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ اصل مطلوب فتح (فتح مکہ) اُس وقت ایک بعید فتح کی حیثیت رکھتی تھی، لیکن اللہ نے اپنی رحمت خاص سے اصحابِ رسول کو ایک فتح قریب (near victory) عطا کردی۔ یہ فتح قریب کیا تھی، اس کا جواب خود قرآن کی اِس سورہ میں موجود ہے۔ اِس آیت کے الفاظ یہ ہیں: فَأَنْزَلَ السَّكِينَةَ عَلَيْهِمْ وَأَثَابَهُمْ فَتْحًا قَرِيبًا (48:18) یعنی پس اُس نے اُن پر سکینت نازل فرمائی اور اُن کو ایک قریبی فتح دے دی۔ یہاں فتح قریب سے مراد سکینہ ہے اور فتح بعید سے مراد فتح مکہ۔ فتح مکہ اگر خارجی فتح تھی تو سکینہ ایک داخلی فتح (internal victory)۔ سکینہ کے لفظی معنی اطمینان (tranquillity) کے ہیں۔ یہاں سکینہ سے مراد وہی چیز ہے جس کوذہنی اطمینان (peace of mind) کہا جاتا ہے۔ یہ سکینہ اللہ کی خصوصی مدد ہے، جو مشکل اوقات میں اہلِ ایمان کے اوپر نازل ہوتی ہے۔ مشکل اوقات حقیقتاً مشکل نہیں ہوتے، بلکہ وہ ایک فطری تاخیر ہے جو منصوبہ الہی کے تحت پیش آتی ہے۔ اس تاخیر (delay) کو بآسانی گوارا کرنے کے لیے اہلِ ایمان کو اللہ کی طرف سے سکینہ حاصل ہوتا ہے۔ معاہدہ حدیبیہ کے وقت اصحابِ رسول پر جو سخت حالات گزر رہے تھے، اس کو سکینہ کے نزول نے آسان کر دیا۔ اللہ کی یہ مدد ہر مومن فرد اور ہر مومن گروہ کے لیے ضرور آتی ہے، بشرطیکہ اس کا کیس حقیقی معنوں میں منصوبہ الہی کے مطابق ہو۔ (21 اپریل 2014)
‹ Previous page Next page › Contents of October 2014 All issues