Al-Risala · December 2014 · page 2

استثنائی دنیا

الرسالہ، دسمبر ۲۰۱۴، صفحہ ۲

استثنائی دنیا

قرآن کی سورہ نمبر 95 میں یہ الفاظ آئے ہیں: وَالتِّيْنِ وَالزَّيْتُونِ وَطُورِ سِينِينِ وَهَذَا الْبَلَدِ الْأَمِينِ لَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنْسَانَ فِي أَحْسَنِ تَقْوِيمٍ (التين: 1-4) اس سورہ میں تین، زیتون، طور سینین اور بلد امین، یہ سب علامتی الفاظ ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ کرہ ارض (planet earth) جہاں پھل دار درخت ہیں، سرسبز پہاڑ ہیں، اور پر رونق شہر آباد ہیں، وہ ایک حقیقت کی گواہی دے رہے ہیں۔ وہ یہ کہ یہ زمین جس پر انسان کو آباد کیا گیا ہے، ایک استثنائی سیارہ (exceptional planet) ہے۔ اس قسم کی دنیا وسیع کائنات میں کہیں موجود نہیں۔ پھر اس زمین پر انسان کو بسایا گیا ہے، ایسا انسان جس قسم کی کوئی دوسری مخلوق ساری کائنات میں کہیں موجود نہیں۔ اس غیر معمولی اہتمام کے باوجود اس دنیا میں ایک انوکھا تضاد (strange contradiction) پایا جاتا ہے۔ وہ یہ کہ انسان بظاہرہ سب سے اعلی مخلوق ہے۔ لیکن عملاً اس دنیا میں اس کو جن حالات کے درمیان رہنا پڑتا ہے وہ اس کے لئے اسفل سافلین (lowest of the low) کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ استثناء (exception) اور یہ تضاد (contradiction) ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ وہ اپنے پورے وجود کے ساتھ یہ پکار رہا ہے کہ اس انوکھی صورت حال کی توجیہ کیا ہے۔ اس صورت حال کی درست توجیہہ کے بغیر یہ دنیا ایک نا قابل فہم ظاہر (unexplainable phenomenon) بن جاتی ہے۔ سورہ کی اگلی آیتوں میں اسی سوال کا جواب ہے۔

سورہ کے آخر میں بتایا گیا ہے کہ جو لوگ ایمان لائیں اور عمل صالح کریں تو ان کے لئے آخرت کی دنیا میں کبھی ختم نہ ہونے والا اجر (unending reward) ہے۔ اس آیت میں ایمان سے مراد سچائی کی دریافت ہے، اور عمل صالح سے مراد یہ ہے کہ آدمی اس دریافت کردہ سچائی کے مطابق عمل کرے۔ جو لوگ اس کا ثبوت دیں، وہ برے انجام سے بچ جائیں گے اور خالق عالم کی طرف سے اعلی انعام کے مستحق قرار پائیں گے۔

‹ Previous page Next page › Contents of December 2014 All issues

Printed page