Al-Risala · December 2014 · page 13

دعوت کی توسیع

الرسالہ، دسمبر ۲۰۱۴، صفحہ ۱۳

دعوت کی توسیع

کسی مشن کے دو دور ہوتے ہیں— استحکام (consolidation) اور توسیع (expansion)۔ الرسالہ کا دعوتی مشن اللہ کے فضل سے استحکام کے دور سے گزر کر اب توسیع کے دور میں داخل ہو گیا ہے۔ نہ صرف انڈیا میں بلکہ دوسرے ملکوں میں بار بار اس کی مثالیں سامنے آ رہی ہیں۔ اس کی ایک مثال یہ ہے کہ 13 اکتوبر 2014 کی صبح کو ممبئی سے محبوب بھائی (9619163993 :Mob) کا ٹیلی فون آیا۔ ممبئی میں پہلے شہر میں دعوتی کام شروع ہوا، اس کے بعد ممبئی کی ٹیم نے مہاراشٹر اسٹیٹ کے دوسرے مقامات کے لئے دعوتی سفر شروع کیا۔ یہ منصوبہ کامیاب رہا۔ اب ممبئی کی ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ دعوتی توسیع کے اس کام کو ملکی سطح پر چلائیں گے۔ اس نئے پروگرام کے تحت ممبئی کی ٹیم جلد ہی کلکتہ جانے والی ہے۔ اس خبر پر مجھے بہت خوشی ہوئی، اور میں نے ان کے لئے دعائیں کیں۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ تمام پروگرام وہ لوگ کسی مرکزی ہدایت کے بغیر کر رہے ہیں۔ یہ کسی مشن کے زندہ مشن ہونے کا ثبوت ہے۔

میں نے محبوب بھائی سے کہا کہ آپ لوگ اسی طرح دعوتی توسیع کے میدان میں آگے بڑھئے، ان شاء اللہ جلد ہی وہ وقت آئے گا جب کہ آپ لوگ عالمی (global) سطح پر دعوت کا یہ کام انجام دیں گے۔ میں نے کہا کہ حیدرآباد میں ہمارے ایک ساتھی بابو بھائی (وفات: 1987) تھے، الرسالہ مشن سے ان کو نہایت گہرا تعلق تھا۔ وہ اپنے ساتھیوں سے کہتے تھے کہ دعوت کا منصوبہ آپ لوگ بنائیے، پیسہ مجھ سے لے جائیے۔ میں نے کہا کہ یہی بات بے شمار گنا زیادہ بڑے پیمانے پر اللہ رب العالمین کے لئے درست ہے۔ قرآن میں بتایا گیا ہے کہ اللہ داعیان حق کی مدد کرتا ہے۔ قرآن کی ایک آیت یہ ہے: ولینصرن الله من ينصره (الحج: 40) اور بے شک اللہ ضرور اس کی مدد کرے گا جو اللہ کی مدد کرے۔ قرآن کی اس آیت میں اللہ کی جس نصرت کا ذکر ہے، اس سے مراد دعوت الی اللہ ہے۔ دعوت الی اللہ، اللہ رب العالمین کا سب سے زیادہ محبوب کام ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of December 2014 All issues

Printed page