استثنا ایک ثبوت
الرسالہ، مارچ ۲۰۱۵، صفحہ ۱۴
استثنا ایک ثبوت
معجزہ کیا ہے۔ معجزہ در اصل استثنا (exception) کا دوسرا نام ہے۔ قرآن ایک استثنائی کتاب (exceptional book) ہے۔ قرآن کی یہی منفرد حیثیت اس بات کا ثبوت ہے کہ قرآن خدا کی بھیجی ہوئی کتاب ہے۔ یہی وہ حقیقت ہے جس کو قرآن میں ان الفاظ میں بتایا گیا ہے: قُلْ لَّیِنِ اجْتَمَعَتِ الْاِنْسُ وَالْجِنُّ عَلٰى اَنْ يَأْتُوا بِمِثْلِ هٰذَا الْقُرْاٰنِ لَا يَأْتُونَ بِمِثْلِهِ وَلَوْ كَانَ بَعْضُهُمْ لِبَعْضٍ ظَهِيْرًا (17:88) یعنی کہو کہ اگر تمام انسان اور جنات جمع ہو جائیں کہ ایسا قرآن بنا لائیں تب بھی وہ اس کے جیسا نہ لاسکیں گے، اگر چہ وہ ایک دوسرے کے مددگار بن جائیں۔ کسی کتاب کا استثنائی کتاب ہونا، اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ خدا کی طرف سے ہے۔ کیونکہ یہ صرف خدا کی صفت ہے کہ وہ کسی کتاب کو استثنائی کتاب بنادے۔ انسان ایک محدود ہستی ہے اور محدود ہستی کسی استثنائی کتاب کو وجود میں نہیں لاسکتی۔ استثنائی کتاب کو وجود میں لانے کے لئے ایک لامحدود ہستی درکار تھی۔ اور اس لامحدود صفت کا حامل صرف خدا ہے، کوئی دوسرا نہیں۔ البتہ یہ ممکن ہے کہ خدا اپنی مصلحت کی بنا پر کسی انسان کی مدد کرے، اور اس کو توفیق دے کہ وہ ایسی کتاب تیار کرے جو دوسری انسانی کتابوں کے مقابلہ میں ایک استثنائی کتاب (exceptional book) کی حیثیت رکھتی ہو۔ جس کے مثل کتاب تیار کرنے پر کوئی انسان قادر نہ ہو۔ اگر ایسا ہو تو اپنی حقیقت کے اعتبار سے وہ بھی ایک خدائی معاملہ ہوگا، نہ کہ معروف معنی میں ایک انسانی معاملہ۔
اس دنیا میں اللہ تعالیٰ نے استثنا (exception) کو ایک پہچان بنا دیا ہے۔ یہ فطرت کا ایک طریقہ ہے۔ آدمی کو چاہئے کہ جہاں وہ کوئی استثنا دیکھے، وہاں وہ اس پر گہرائی کے ساتھ غور کرے۔ جو شخص ایسا کرے، وہ یقیناً وہاں ایک بڑی چیز کو دریافت کرلے گا۔
‹ Previous page Next page › Contents of March 2015 All issues